رحیم یار خان / بہاولپور (میاں طالب حسین
ڈویژنل بیوروچیف)
دھند، سموگ، گنے کے کرشنگ سیزن اور منڈی مویشیاں کے باعث ٹریفک مسائل پر تفصیلی گفتگو
موجودہ دھند و سموگ کی صورتحال اور گنے کے کرشنگ سیزن 2026-27 کے پیش نظر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سیکٹر C-III رحیم یار خان کی جانب سے پریس کلب اقبال آباد میں صحافیوں کے ساتھ خصوصی “میٹ دی پریس” سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
پریس کلب اقبال آباد آمد پر کلب کے بانی رئیس اللہ یار انجم، سرپرست اعلیٰ مخدوم ظفر عباس، صدر چوہدری عبدالحفیظ، چیئرمین حافظ ایم زکریا زکی، چیئرمین مجلس عاملہ میاں شوکت رحمان، جام منظور، جام عابد، سید اختر حسین، حفیظ اللہ نیازی، چوہدری قاسم، محمد ساجد، محمد ندیم، میاں ابرار، شہزاد خان کورائی اور دیگر ممبران نے سیکٹر کمانڈر موٹروے پولیس رانا محمد اسماعیل کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔
سیشن کے دوران سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے میڈیا کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے جاری اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے درج ذیل اہم نکات پر روشنی ڈالی:
موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت: معیاری ہیلمٹ کے استعمال، سائیڈ ویو مررز کی تنصیب اور لین کراس ڈسپلن کی پابندی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
کرشنگ سیزن 2026-27 کے انتظامات: گنے کی ترسیل کرنے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کی محفوظ لوڈنگ، ریفلیکٹرز اور بیک لائٹس کی لازمی تنصیب، اوورلوڈنگ سے اجتناب اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کی ہدایت کی۔
تجاوزات کا خاتمہ: قومی شاہراہوں سے غیر قانونی تجاوزات ہٹانے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جاری آپریشنز سے آگاہ کیا۔
سوال و جواب کی نشست کے دوران سینئر صحافی میاں طالب حسین اور رئیس اللہ یار انجم نے مشترکہ سوال اٹھاتے ہوئے توجہ دلائی کہ ہر اتوار منڈی مویشیاں کی وجہ سے قومی شاہراہ پر شدید ٹریفک جام ہو جاتا ہے اور رانگ سائیڈ بے تحاشا رش کے باعث سنگین حادثات کا خطرہ منڈلاتا رہتا ہے۔
اس سوال کے جواب میں سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے مسئلے کی سنگینی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعی ایک بڑا عوامی ایشو ہے، جس کے مستقل حل اور منڈی کے متبادل انتظامات کے لیے منڈی مینجمنٹ اور اعلیٰ حکام (ہائیر اتھارٹیز) کو باقاعدہ مراسلہ لکھ دیا گیا ہے اور اس پر کسی بھی وقت عمل درآمد شروع ہو سکتا ہے۔
آخر میں سیکٹر کمانڈر نے صحافی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی حضرات معاشرے کا اہم حصہ اور ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت سے قابلِ تحسین فرائض انجام دے رہے ہیں، ان شاء اللہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کی بہتری کے لیے مل جل کر مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔
