سیل شدہ کلینک سے خفیہ علاج جاری، مبینہ غلط انجیکشن سے خاتون جاں بحق، پی اے سے ساز باز کر کے انکوائری متاثر کرنے کی کوششوں کا انکشاف
رحیم یار خان
(ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین)
چک نمبر 123 ڈیبہ میں عطائی ڈاکٹروں نے سی ای او ہیلتھ رحیم یار خان کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ہے، جہاں سیل شدہ کلینک چلانے والے عطائی ڈاکٹر کے مبینہ غلط انجیکشن سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق چک نمبر 123 ڈیبہ میں عطائیت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ رحیم یار خان نے محمد اجمل نامی عطائی ڈاکٹر کا کلینک سیل کیا تھا، تاہم ملزم نے سرکاری احکامات کو پاؤں تلے روندتے ہوئے عقبی راستے سے خفیہ طور پر مریضوں کا چیک اپ اور ادویات دینے کا سلسلہ جاری رکھا۔ اہلِ علاقہ کے مطابق عطائی ڈاکٹر محمد اجمل بڑے دھڑلے کے ساتھ سیل شدہ دکان کے باہر ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھا رہتا ہے اور سرِعام دعوے کرتا ہے کہ “محکمہ صحت والوں نے میرا کیا بگاڑ لیا، میرا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا کیونکہ میں محکمہ ہیلتھ والوں کو باقاعدہ منتھلی دیتا ہوں”۔ ذرائع کے مطابق ملزم مبینہ طور پر سی ای او ہیلتھ کے پی اے محمد عثمان کے ساتھ ساز باز کر کے معاملے کی تحقیقات کو اپنے حق میں کروانے کی بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔
گزشتہ روز مقامی رہائشی کلثوم بی بی کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر اہل خانہ نے عطائی ڈاکٹر محمد اجمل کو گھر بلوایا۔ متوفیہ کی بھانجی کے مطابق، انہوں نے ڈاکٹر کو بتایا تھا کہ مریضہ خالی پیٹ ہیں، جس پر ملزم نے بے پرواہی سے انجیکشن لگا دیا۔ انجیکشن لگنے کے 15 سے 20 منٹ بعد ہی کلثوم بی بی کی حالت غیر ہو گئی۔
لواحقین کے مطابق دوبارہ رابطہ کرنے پر ملزم نے پہلے سواری نہ ہونے کا بہانہ بنایا اور بعد ازاں کلینک پہنچنے پر رش کا عذر پیش کرتے ہوئے انتہائی تلخ لہجے میں مریضہ کو ہسپتال لے جانے کا کہہ کر جان چھڑا لی۔ مریضہ کو فوری طور پر رحیم یار خان ایمرجنسی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بتایا کہ غلط انجیکشن کے ری ایکشن سے مریضہ کے پھیپھڑے اور گردے ناکارہ ہو چکے ہیں۔ کلثوم بی بی کو تشویشناک حالت میں وینٹیلیٹر پر منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں اور خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔ واقعے کے بعد ملزم نے اپنا موبائل فون بند کر دیا۔
متوفیہ کلثوم بی بی کے اہل خانہ اور اہلِ علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب، آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم، آر پی او بہاولپور غازی صلاح الدین اور ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سی ای او ہیلتھ کے احکامات کو مذاق بنانے، مبینہ رشوت ستانی میں ملوث عناصر اور قیمتی انسانی جان لینے والے عطائی ڈاکٹر محمد اجمل کے خلاف فوری مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کیا جائے اور کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ لواحقین نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری انصاف نہ ملا تو اہلِ علاقہ کے ہمراہ مین روڈ بلاک کر کے شدید احتجاج کیا جائے گا۔
