برطانیہ میں تعیناتی پر ہائی کمشنر عزت مآب ٹیپو عثمان کے اعزاز میں قونصل جنرل پاکستان کی جانب سے پرتکلف عشائیہ

Spread the love

مانچسٹر: (صابرہ ناہید ) قونصل جنرل آف پاکستان مانچسٹر، امتیاز فیروز گوندل کی جانب سے برطانیہ میں تعینات ہونے والے پاکستان کے نئے ہائی کمشنر، عزت مآب جناب ٹیپو عثمان کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں مانچسٹر اور گردونواح سے لارڈ میئر، میئرز، لارڈز، اراکین پارلیمنٹ، ڈاکٹرز، اساتذہ، کاروباری شخصیات، سماجی رہنماؤں اور کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد ڈاکٹر یونس پرویز نے تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی، جبکہ سرور چشتی نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔


اس موقع پر قونصل جنرل پاکستان امتیاز فیروز گوندل، ہائی کمشنر جناب ٹیپو عثمان، لارڈ میئر شوکت علی، لارڈ واجد خان، ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر افضل خان، نجابت حسین اور دیگر معزز شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مقررین نے جناب ٹیپو عثمان کو برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کی اہم ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور مانچسٹر آمد پر انہیں خوش آمدید کہا۔ شرکاء نے ان کا نہایت پرتپاک استقبال کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مقررین نے ہائی کمشنر کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ انہوں نے مانچسٹر کی پاکستانی کمیونٹی کو اپنی خدمت اور تعاون کا موقع فراہم کیا۔
تقریب کے دوران قونصل جنرل پاکستان کی جانب سے کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں صلاحیتوں اور کامیابیوں کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
تقریب کی نظامت کے فرائض محترمہ ثمینہ خان نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے، جبکہ عشائیے میں شرکاء کو ایک دوسرے سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کا بہترین موقع بھی فراہم کیا گیا۔
پروگرام کے اختتام پر قونصل جنرل پاکستان امتیاز فیروز گوندل نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص صحافیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مانچسٹر کے صحافی ہمیشہ بڑی لگن، محنت اور خلوص کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے تقریب میں شرکت اور پروگرام کی بھرپور میڈیا کوریج پر صحافیوں کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
یہ تقریب پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوستانہ تعلقات، پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد اور باہمی روابط کے فروغ کی ایک خوبصورت مثال ثابت ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں