جہلم ( بلال رضا ) ڈپٹی کمشنر جہلم محترمہ اسماء اعجاز چیمہ کی ہدایات پر ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں اور شجرکاری مہم جاری۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم محترمہ اسماء اعجاز چیمہ کی ہدایات پر محکمہ تحفظ ماحولیات جہلم کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے اور فضائی و ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے ضلع بھر میں بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔

ان کارروائیوں کے دوران زگ زیگ ٹیکنالوجی کی خلاف ورزی پر 2 اینٹوں کے بھٹوں کو مجموعی طور پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 2 اسٹون کرشرز کو سیل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مزید برآں، پابندی کے باوجود سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال اور فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 375 کلوگرام سنگل یوز پلاسٹک ضبط کیا گیا اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح ماحولیاتی اصولوں کو نظر انداز کرنے والے 2 صنعتی یونٹس کو بھی موقع پر سیل کر دیا گیا۔
دوسری جانب ماحول دوست اقدامات اور سرسبز جہلم کے فروغ کے لیے محکمہ ماحولیات کی جانب سے بڑی تعداد میں شجر کاری مہم کا اہتمام کیا گیا ۔
