۳ اکتوبر ۲۰۲۰۔ معروف شاعر جناب ڈاکٹر ساجد رحیم کی کتاب “اک دیوار گراتا ہوں ” کی تقریب پذیرائی سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے ہال میں پروفیسر محمد جلیل عالی صاحب کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ مہمانانِ خصوصی جناب حمید شاہد، جناب عباس تابش اور جناب افضل خان تھے۔ مہمانانِ اعزاز میں جناب شہزاد نیر، جناب فیصل صاحب، محترمہ رابعہ رحمان, محترمہ آسیہ شوکت آسی اور محترمہ سیماب ولید تھے۔ نظامت ڈاکٹر عمر عزیز نے کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ حافظ عرفان کھٹانہ صاحب نے تلاوت کی جبکہ نعت رسول مقبول کی سعادت جناب تجمل حسین تجمل نے حاصل کی۔ تقریب کو دو حصوں میں بانٹا گیا تھا۔ پہلے حصے میں ڈاکٹر ساجد رحیم، ان کی شاعری اور کتاب پر بہترین اور سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ جناب عادل ورد، جناب شہزاد نیر، جناب عباس تابش، جناب حمید شاہد اور جناب جلیل عالی نے اظہارِ خیال کیا اور ڈاکٹر ساجد رحیم کے فن اور شاعری کے مختلف پہلووں کو اجاگر کیا۔ افضل خان صاحب نے ڈاکٹر ساجد رحیم پر اپنا شہرہ آفاق خاکہ پیش کیا۔ صاحبِ شام ڈاکٹر ساجد رحیم نے اپنی کتاب سے کلام سنایا اور تمام حاضرین و مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے دوسرے حصے میں مشاعرہ منعقد ہوا جس میں سیالکوٹ اور ملک کے نامور شعرا نے اپنا کلام پیش کیا۔ مقامی شعرا میں ناظمِ مشاعرہ ڈاکٹر عمر عزیز، اویس عاجز، صلہ سندھو، منیر جعفری، عادل ورد، سائرہ ناز، سعد ضیغم، ارشد مرزا، ساحل سلہری، فرانسس سائل، محبوب صابر اور شاہد ذکی شامل تھے ۔ مہمان شعرا میں محترمہ آسیہ شوکت، محترمہ سیماب ولید، محترمہ رابعہ رحمن، جناب فیصل صاحب، ڈاکٹر ساجد رحیم، جناب افضل خان اور جناب شہزاد نیر نے اپنا کلام پیش کیا۔ بعد ازاں تقریب کے مہمانِ خصوصی اور بین الاقوامی شہرت کے حامل جناب عباس تابش نے اپنے کلام سنایا اور بے پناہ داد سمیٹی۔ آخر میں صدرِ محفل اور لیجنڈ جناب پروفیسر محمد جلیل عالی نے اپنا تازہ کلام پیش کیا اور حاضرین پر اپنے اشعار کا سحر طاری کر دیا۔ تقریب کا اختتام صدرِ محفل کی جانب سے صاحبِ شام کو سووینیر دینے پر ہوا۔ چائے اور عشائیہ کا اہتمام بھی موجود تھا
