پنجاب حکومت کا 2 نومبر کو صوبے بھر میں عوامی کچہریاں لگانے کا فیصلہ

Spread the love

:ساہیوال آصف ندیم
پنجاب حکومت نے 2 نومبر کو صوبے بھر میں ریونیو عوامی خدمت کچہریاں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے 2 نومبر بروز سوموار کو صوبے بھر میں عوام کی فریاد سننے کے لیے عوامی خدمت کچہریاں لگانے کا حکم دیا ہے۔ کچہریوں میں عوام کے ریونیو سے متعلق مسائل موقع پر ہی حل کیے جائیں گے۔
عوام کے مسائل کے فوری حل کے لیے کچہریاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوامی کچہری میں تمام متعلقہ افسران موجود رہیں گے، متعلقہ افسران صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک کچہری میں موجود رہیں گے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل سننے کے لیے عوام کے بیچ جانا پڑے گا، کوشش ہے عوام کے مسائل کو فوری حل کیا جائے.
سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں میں درستگی ریکارڈ، فرد کا اجراء، انتقالات کا اندراج، رجسٹری، انکم سرٹیفکیٹ، معائنہ ریکارڈ، ڈومیسائل کا اجراء اور ریونیو سے متعلقہ دیگر معاملات حل ہوں گے، ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ کلکٹر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار، سب رجسٹرار، قانونگو، پٹواری اور عملہ اراضی ریکارڈ سنٹر عوامی خدمت کچہریوں میں موجود رہیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2 اکتوبر کو بھی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے حکم پر ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں