جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم موسم کی تبدیلی اور سردی میں شدت کے ساتھ ہی شہرومضافاتی علاقوں میں ناک و گلے کے مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا۔ بڑی تعداد میں شہری نزلہ، زکام،کھانسی، سر درد، ناک بند ہونے، ناک سے پانی بہنے، چھینکیں آنے، گلے میں درد وخراش، جسم میں درد اور بخارکیوجہ سے ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں،یہی وجہ ہے کہ ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیاہے۔اس پر ماہرامراض ناک،کان وگلانے شہریوں کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ تلی ہوئی، کھٹی،چکنی و ٹھنڈی چیزوں سے پرہیز کریں،ٹھنڈ ی ہواچلتے وقت گھروں سے باہر نکلتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بصورت دیگر یہ امراض سنگین نوعیت اختیار کر سکتے ہیں۔ہسپتال کے شعبہ امراض ناک،کان وگلا کے ڈاکٹرز کا کہناہے کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ہسپتال میں بڑی تعداد میں گلے اور نا ک کے امراض میں مبتلا مریض آرہے ہیں جب بھی موسم خشک یا تبدیل ہوتا ہے اسی طرح مریض آتے ہیں کیونکہ زیادہ تر مریض احتیاط نہیں برتتے اور ہر طرح کا ٹھنڈا اور کھٹا کھانا کھالیتے ہیں۔ٹھنڈی اورتیز ہوا ناک پر لگنے سے نزلہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر احتیاط کی جائے اور پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے تو یہ امراض 4سے 5دن میں ازخود ٹھیک ہو جاتاہے۔انہوں نے کہا کہ آج کل موسم کی تبدیلی کے باعث ناک کی الرجی کے بہت زیادہ مریض آرہے ہیں۔شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں ناک کی الرجی کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے کیونکہ شہر کی سڑکوں پر گرد وغبار اور دھول مٹی بہت زیادہ ہے شہری ماسک کا استعمال کرتے ہوئے احتیاط برتیں۔
