جہلم(چوہدری عابد محمود +سید مظہرعباس)جہلم شہر کے وسط میں واقع پبلک پارک گندگی کے ڈھیرمیں تبدیل،مشین محلہ 3میں واقع پارک جو کہ جنازہ گاہ و دیگر تقریبات کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، گندگی کی آماجگاہ میں تبدیل ہو چکا ہے، میونسپل کارپوریشن کی انتظامیہ سمیت شہری تنظیموں کے عمائدین کی عدم توجہی سوالیہ نشان بن گئی، پارک کی دیوار کے ساتھ قبضہ مافیا نے ڈیرے جما لئے، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق مشین محلہ نمبر3 میں واقع میونسپل کارپوریشن کاپلاٹ جسے سابق دور میں اْس وقت کے چئیرمین بلدیہ نذیرحسین برلاس (مرحوم)نے پبلک پارک کے نام سے منسوب کیا۔یہ پارک رفاع عامہ کیلئے مختص کیا گیاجہاں شہری شادی بیاہ،سیاسی وسماجی تقریبات سمیت اہل علاقہ وقتاً فوقتاً جنازہ گاہ کے طور پربھی استعمال کر تے ہیں۔لیکن اس کی صفائی سْتھرائی کی طرف میونسپل کارپوریشن اور شہری تنظیموں کے عمائدین نے آج تک توجہ نہیں دی۔پارک گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے، پارک کی دیواریں عدم توجہی کے باعث خستہ حال ہو چکی ہیں۔پارک گندگی کے ڈھیر اور آوارہ کْتوں کامسکن بن چکا ہے، جس کیوجہ سے یہ پارک کم اورفلتھ ڈپو کی منظر کشی زیادہ کر تا دکھائی دیتا ہے، قابل زکر بات یہ ہے کہ پارک کی دیواروں کے ساتھ ناجائز تجاوزات قائم ہو چکی ہیں بااثر افراد نے غیر قانونی طریقے سے دیواروں سے ملحقہ جگہ پر قبضہ کرکے کارروباری سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں جس کیوجہ سے اولڈ جی ٹی روڈاور جنرل بس اسٹینڈ کی طرف سے آنے والی گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، غیر قانونی تجاوزات قائم ہونے کیوجہ سے پارک میں گندگی پھیل رہی ہے اور مشین محلہ چوک میں حادثات روزانہ کا معمول بن چکے ہیں، شہریوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن / ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کارپوریش کے عملے کو پبلک پارک کی صفائی ستھرائی اوردیواروں کے ساتھ قائم ہونے والی غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لئے احکامات جاری کریں تاکہ شہری پرفضا ء ماحول میں بیٹھ کر زہنی سکون حاصل کر سکیں اور اولڈ جی ٹی روڈ سے گزرنے والے شہری بہتر انداز میں آمدورفت جاری رکھ سکیں۔
