جہلم شہر کا گنجان آباد علاقہ بلال ٹاؤن کربلا کی منظر کشی کرنے لگا، علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم شہر کا گنجان آباد علاقہ بلال ٹاؤن کربلا کی منظر کشی کرنے لگا، علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے، گزشتہ کئی روز سے واٹر سپلائی کا پانی بند، علاقہ مکین سراپا احتجاج، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن / ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق شہر کے گنجان آباد پوش علاقہ بلال ٹاؤن کے رہائشیوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پچھلے کئی روز سے میونسپل کارپوریشن کے شعبہ پبلک ہیلتھ کے ذمہ داران نے بجلی کے پول سے انسولیٹر ٹوٹ جانے کے باعث واٹر سپلائی بند کر رکھی ہے، جس کیوجہ سے پروفیسر کالونی، آفیسر کالونی،گلزاری کالونی، بلال ٹاؤن سمیت دیگر رہائشی آبادیاں جو کہ ہزاروں نفوس پر مشتمل ہیں میں پچھلے کئی روز سے پانی کی سپلائی بند ہے۔ متعدد بار میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر سمیت متعلقہ ذمہ داران کو تحریری و زبانی طور پر آگاہ کر چکے ہیں لیکن میونسپل انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی،جس کیوجہ سے علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داران کی عدم دلچسپی کے باعث آئے روز پانی کی سپلائی بند کر دی جاری ہے جس کیوجہ سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ پینے کا صاف پانی میسر نہیں جس کیوجہ سے خواتین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہاہے، علاقہ مکینوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن / ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے اورفوری پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں