حکومت پاکستان نے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ای او بی آئی پنشن فنڈ سکیم میں شامل کرنے کا پلان بنا لیا۔

Spread the love

کھیوڑہ (راشدخان)
حکومت پاکستان نے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ای او بی آئی پنشن فنڈ سکیم میں شامل کرنے کا پلان بنا لیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز کا اجلاس چیئرمین کمیٹی شیخ فیاض الدین کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سیّد ذوالفقار عباس بخاری نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت ای او بی آئی پنشن فنڈ کے تحت بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کیلئے پنشن سکیم کا اجراء کرنے جا رہی ہے۔

اوورسیز پاکستانیوں کے حوالہ سے سوشل سکیورٹی اقدامات کے حوالہ سے زلفی بخاری نے بتایا کہ ہم نیشنل پنشن سکیم کی جانب بڑھ رہے ہیں اور یہ بہت بڑا بریک تھرو ہو گا جس میں ڈومیسٹک لیبر، بھٹہ جات پر کام کرنے والے مزدور اور فری لانس صحافی بھی شامل ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو احساس پروگرام کے تحت صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کی سمری منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھیجی جا چکی ہے۔

ممبر کمیٹی سیّد جاوید حسنین نے مستحق اوورسیز پاکستانیوں کو صحت انصاف کارڈ اور ای او بی آئی پنشن سکیم میں شمولیت کیلئے مقامی سیاستدانوں کو اس پروگرام میں شامل کرنے کی تجویز دی۔ زہرہ ودود فاطمی نے مشرق وسطیٰ کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے لیبر کیمپوں میں سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔ اس موقع پر زلفی بخاری نے بتایا کہ وہ مشرق وسطیٰ کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی ورکرز کے مسائل سے آگاہ ہوں اور انہوں نے وہاں کے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ پاکستانی ورکرز کو رہائش کی بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔
کمیٹی اجلاس میں مہرین رزاق بھٹو، ثوبیہ کمال خان، جمال الدین، عطاء اللہ، ذوالفقار علی دولہہ، سیکرٹری وزارت اوورسیز پاکستانیز، جوائنٹ سیکرٹری وزارت اوورسیز، منیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف، ڈائریکٹر جنرل بیورو آف امیگریشن و اوورسیز ایمپلائمنٹ اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں