غیر قانونی اور بغیر نقشہ منظوری کے درجنوں عمارتوں کی تعمیر کا دھندہ بام عروج پر

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم میونسپل کارپوریشن کے بلڈنگ انسپکٹروں کی ملی بھگت شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں غیر قانونی اور بغیر نقشہ منظوری کے درجنوں عمارتوں کی تعمیر کا دھندہ بام عروج پر،سرکاری خزانے کو روزانہ لاکھوں کی پھکی،غیر قانونی تعمیر ہونے والی عمارتیں جن میں پلازے، کوٹھیاں، ڈبل و سنگل سٹوری مکانات اوردکانیں شامل، افسران کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی۔ شہریوں کا ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کامطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کاپوریشن کی حدود میں بلڈنگ انسپکٹروں کی ملی بھگت سے کارپوریشن کی حدود میں نئی تعمیر ہونے والی عمارتوں کا سلسلہ جاری ہے، اکثر و بیشتر عمارتوں کے نقشہ جات کی تاحال منظوری تو دور کی بات بیشتر عمارتوں کی فائلیں بھی جمع نہیں کروائی گئیں، میونسپل کارپوریشن کے بلڈنگز انسپکٹروں نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے اندرون شہر پلازے، کوٹھیاں،دکانیں، بنگلوں وغیرہ کی غیر قانونی تعمیرات شروع کروارکھی ہیں جس کیوجہ سے میونسپل کارپوریشن کو ماہانہ کروڑوں روپے کی پھکی دی جارہی ہے۔میونسپل کارپوریشن کے شعبہ نقشہ برانچ کے ذمہ داران شہریوں سے رقم بٹورنے کے لئے مختلف حربے استعمال کرتے ہیں اورتعمیرات سے قبل شہریوں کو بتایا جاتا ہے کہ کمرشل تعمیر کے لئے پارکنگ کے لئے جگہ چھوڑنا ہوگی اور اگر معاملات طے کر لئے جائیں تو اس کا طریقہ بلڈنگ انسپکٹر خود بتا دیتے ہیں اس طرح اندرون شہر کے گلی محلوں میں تعمیر ہونے والی سینکڑوں، دکانیں،مارکیٹیں، پلازے مک مکا کے بعد تعمیر کروائے جا رہے ہیں۔ بیشتر نئی تعمیر ہونے والی عمارتوں کی فائلیں بھی میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں جمع ہی نہیں ہیں۔ بلڈنگ انسپکٹر اندرون شہر سمیت ملحقہ آبادیوں میں جہاں شہری نئے گھر بنانا چاہتے ہیں انہیں نوٹس دیکر اپنے دفتر طلب کرکے معاملات طے ہونے کے بعد عمارتوں کی تعمیر کی اجازت دے دی جاتی ہے۔ اندرون شہر اور ملحقہ آبادیوں میں بیشمار ایسی عمارتیں موجود ہیں جو پچھلے کئی ماہ سے مکمل ہو چکی ہیں،لیکن میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داران نے تاحال شہریوں کی فائلوں کی جانچ پڑتال کرنا بھی مناسب نہیں سمجھا۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، سرکل آفیسر اینٹی کرپشن سے مطالبہ کیا ہے کہ نقشہ برانچ میں ہونے والی مالی،بدعنوانی، کرپشن،لوٹ کھسوٹ کے خاتمے کے لئے انکوائری کروائی جائے اور کرپشن میں ملوث ذمہ داران کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ میونسپل کارپوریشن کو دیمک کی طرح چاٹنے والے بلڈنگ انسپکٹروں کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور فرض شناس ایماندار ذمہ داران کو تعینات کیا جائے تاکہ میونسپل کارپوریشن کو پہنچنے والے مالی نقصان کااذالہ ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں