ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )پرنسپل ساہیو ال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان نے کہا ہے کہ گردوں کی حفاظت اور انہیں بیماریوں سے بچانا انسانی زندگی کے لئے انتہائی ضروری ہے جس کے لئے ہر شخص کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے -روز مرہ زندگی میں اعتدال ،پانی کازیادہ استعمال اور تمباکو نوشی سے پر ہیز گردوں کو جان لیوا بیماریوں سے بچانے میں انتہائی مدد گار ہے -انہو ں نے یہ بات گردوں کے عالمی دن کے موقع پر ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں منعقدہ آگہی واک کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی جو شعبہ نیفرالوجی سے شروع ہو کر ایم ایس آفس پر اختتام پذیر ہوئی جس میں ہسپتال کے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی -واک کا اہتمام شعبہ نیفرالوجی کے سربراہ ڈاکٹر سمیع اللہ خان نے کیا تھااور اس میں معروف سماجی شخصیت شیخ محمد یونس کے علاوہ ایم ایس ڈاکٹر عبدالوحید ،شعبہ یورالوجی کے سربراہ ڈاکٹر نثار احمد سعیدی،ڈاکٹر اختر محبوب،ڈاکٹر اسرار ظفر ،ڈاکٹر فرخ شہزاد،ڈاکٹر محمد سلیم اختر ،ڈاکٹر خلیل احمد اور ڈاکٹر عمر اجمل نے بھی شرکت کی -تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ نیفرالوجی کے سربراہ ڈاکٹر سمیع اللہ خان نے کہا کہ پاکستان میں گردوں کی بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے مریض ڈائلسز کرانے پر مجبور ہو رہے ہیں جو انتہائی تکلیف دہ امر ہے ،ضرورت ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے گردوں کو صحت مند رکھاجائے جس کے لئے طرز زندگی میں تبدیلی انتہائی ضروری ہے -واک کے اختتام پر ڈائلسز سنٹر میں ڈائلسز کرانے والے دو کمسن مریضوں 15سالہ نور الایمان اور 12سالہ ولی عبداللہ نے کیک کاٹا جس میں واک کے تمام شرکاءنے بھی حصہ لیا –
