ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال ) کمشنرساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ ساہیوال ڈویژن میں 14مارچ کو پنجاب کلچر ڈے روایتی جوش و خروش سے منانے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں تاکہ عوام کو پنجاب کی خوبصورت دھرتی سے روشناس کرایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کلچرل ڈے منانے کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل سید ریاض ہمدانی اور ڈائیریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجابی کلچرل ڈے منانے کا مقصد نوجوان نسل کو اپنی دھرتی کی رسم و رواج سے روشناس کرانا ہے کیونکہ کوئی قوم اپنی ثقافت بھول کر دنیا میں معزز مقام حاصل نہیں کر سکتی۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈائریکٹر آرٹس کونسل کو ہدایت کی کہ 14مارچ کی تمام تقریبات میں عام آدمی کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے بتایا کہ کلچرل ڈے کی مناسبت سے ساہیوال میں روایتی رقص، ڈھول پرفارمنس، لوک موسیقی اور پنجاب کی دستکاری، ثقافت اور دیہی مناظرکی عکاسی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دن کی خاص بات شہر میں“پگ پوائنٹس”کا قیام ہے جہاں کو پنجاب کی روایتی شان”پگ”بھی پہنائی جائے گی۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے دن کی مناسبت سے پنجاب کے ثقافتی رنگ نمایاں کرنے کیلئے نوجوانوں میں مصوری اور کہانی نویس کے مقابلے کرانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے فریدیہ پارک میں عوام کی تفریح کیلئے خصوصی سٹال لگانے اور طلباء و طالبات کو دن کی مناسبت سے علاقائی لباس پہنانے کی بھی ہدایت کی۔
