ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )کمشنر آفس میں سرکاری ملازمین کے پینشن کیسز سے متعلق خصوصی اجلاس، ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی پینشن فوری جاری کرنے کی ہدایت۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری صوبائی مانیٹرنگ سیل ایس اینڈ جی اے ڈی فہیم احمد خان اور ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے کی۔ تفصیلات کے مطابق ریٹائرڈ ہونے والے سرکاری ملازمین کو پینشن کی فوری ادائیگی اور ملازمین کے خلاف زیر التوا انکوائریز جلد مکمل کرنے کیلئے کمشنر آفس میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہدایت کی گئی کہ تمام پینشن کیسز بلاتاخیرنمٹائے جائیں تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن کی ادائیگی ممکن ہو سکے۔ اجلاس میں تمام سرکاری محکموں کے ڈویژنل افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی فہیم احمد خان نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی ہدایت پر تمام صوبائی محکموں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو پینشن بلا تاخیر جاری کی جائے اور ان میں آنے والی رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے خلاف انکوائریز کو بھی فوری مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے تاکہ سزا اور جزا کا عمل مکمل ہوسکے۔ اجلاس میں محکمانہ افسران کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ اگلے 6ماہ میں ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کا نوٹیفیکیشن جاری کر کے ان کے پینشن پیپرز کی تیاری شروع کر دی جائے تاکہ ریٹائرڈ ہونے کے ساتھ ہی انہیں پیشن کی ادائیگی شروع ہو سکے۔
