ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے یونیورسٹی آف ساہیوال میں ایک آگہی سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈائریکٹر الیکشن کمیشن قراۃ العین، ریجنل الیکشن کمشنر محمد اکرم، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شکیل احمد، الیکشن آفیسر ساہیوال احمد حفیظ سبحانی، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز ڈاکٹر امین عابد اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد الیکشن کمیشن کے جانب سے طلبہ و طالبات، خواتین اور نوجوان نسل کو انتخابی عمل کے متعلق آگہی فراہم کرنا تھا تاکہ خواتین، نوجوانوں اور محروم طبقات کی جمہوری اور انتخابی عمل میں شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈائریکٹر الیکشن کمیشن قراۃ العین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے انتخابی عمل میں شرکت سے ہی جمہوریت مضبوط ہوگی جس کیلئے ضروری ہے کہ سٹوڈنٹس اور شہری اپنے ووٹ کا اندارج کرکے انتخابی عمل میں شمولیت یقینی بنائیں تاکہ مملکت خداداد میں جمہوری اقدار مستحکم ہو سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی نصب آبادی خواتین پر مشتمل ہے جبکہ خواتین کے ووٹ اندراج کی شرح مرد ووٹرز کی نسبت دس فیصد کم ہے اور اس فرق کو کم کرنے کیلئے الیکشن کمیشن متعدد اقدامات کر رہا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مئی 2022سے نظرثانی شدہ ابتدائی انتخابی فہرستیں ڈسپلے سنٹر پر عوام کے معائنے کیلئے آویزاں کی جائیں گی تاکہ شہری ووٹر لسٹوں کا معائنہ کر کے اپنے ووٹ کے درست اندراج کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ سیمینار کے آخر میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شکیل احمد نے طلبہ و طالبات کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ، بلدیاتی انتخابات، I-voting 2022 پراجیکٹ، ای وی ایم مشینز اور الیکشن کمیشن کے انتخابات میں منصفانہ اور شفاف کردار کے بارے میں تفصیل سے جوابات دئیے۔
