نوجوان نسل کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ذہنی و جسمانی طور پر مضبوط بنانے میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے

Spread the love

ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ذہنی و جسمانی طور پر مضبوط بنانا اور انہیں جدید تعلیم سے آراستہ کرنے میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے جس کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتوں بروئے کار لائی جائیں۔ پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ پرائمری اور ایلیمنٹری سکولوں کے اساتذہ کو اپنے فرائض ادا کرنے کیلئے جدید سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے جس سے استفادہ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ساہیوال مین اسسٹنٹ ایجوکیشن آفسرز میں جدید “ٹیبلٹ”تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جن کی مدد سے سکولوں کی مانیٹرنگ بہتر طریقے سے ممکن ہوگی۔ تقریب میں سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز خادم حسین موہل اور فوزیہ اعجاز، پرنسپل اکیڈمی سمعیہ انور اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک محمد شفیق اعوان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اساتذہ کی آن جاب ٹریننگ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے اے ای اوز پر زور دیا کہ و ہ سکولوں میں بنیادی سہولتوں میں اضافے اور اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے مقامی کمیونٹی اور مخیر حضرات کی بھی مدد لیں تاکہ طلبہ و طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں تیزی سے بدلتے ہوئے جدید رجحانات پر بھی اساتذہ توجہ مرکوز رکھیں اور دوسرے ملکوں میں رائج تعلیمی نظاموں سے بھی استفادہ کریں جس سے بچوں میں سیکھنے کی دلچسپی پیدا ہو اور ان کی تعلیمی کارکردگی میں اضافہ ہو۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد نے بتایا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن نے ضلع کے تمام اے ای اوز کو جدید ٹیبلٹ فراہم کئے ہیں جس سے سکولوں کو درپیش مشکلات فوری دور کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے ضلع بھر میں تعینات 80 اے ای اوز میں ٹیبلٹ تقسیم کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں