ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )ڈپٹی کمشنر محمداویس ملک کی زیر صدارت منٹگمری ہال میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں یوم شہادت حضرت علی، جمعتہ الوداع اور عید الفطر کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جا ئزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی نعمان افضل اور اسسٹنٹ کمشنر صولت حیات وٹو کے علاوہ دیگر محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے ہدایت کی کہ یوم شہادت حضرت علی ؒ کے موقع پر ماتمی جلوسوں کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں اورکنٹرول روم کو بھی فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے دوران ٹریفک کے بہاؤ کیلئے متبادل راستے استعمال کیے جائیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مجالس روٹس پر سٹریٹ لائٹس کو ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کروایا جائے اور مین ہولز کو بھی کور کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعتہ الوداع اور عید الفطر کے موقع پر اجتماعات کو بھی فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے پلان مرتب دیا جائے۔ انہوں نے تمام محکموں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جس کیلئے تمام محکموں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں اور ادویات اور عملہ کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
