ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل میڈم ثمن رائے کی خصوصی ہدایات پر عید الفطر کی آمد کے سلسلے میں ساہیوال آرٹس کونسل کی طرف سے صنعت زار میں “مہندی کے رنگ،سہیلیوں کے سنگ” کے عنوان سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد خواتین کی طرف سے عید کے تہوار کو روایتی انداز میں منا کر اپنی ثقافت کو پروان چڑھانا ہے۔ پروگرام کی رنگارنگی کو نمایاں کرنے کے لیے صنعت زار کے لان اور گردونواح کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے بھی سجایا گیا تھا۔ تقریب کا افتتاح ڈائیریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال کی اہلیہ مسز تنزیلہ عقیل نے کیا۔انہوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام خواتین کے اعتماد میں اضافے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں عورتوں کے حقوق اور عظمت کو پروان چڑھانے کا باعث بنتے ہیں یوں “وجود زن سے ہے تصویر کائنات مین رنگ” کا تصور مزید ابھر کر سامنے آتا ہے کیوں کہ ایسے پررونق مواقع پر لڑکیاں ایک دوسرے کو مہندی لگا کر اور رنگ برنگی چوڑیاں پہنا کر خوشی کا اظہار کرتی ہیں جبکہ بچیاں ککلیاں ڈال کر اپنے بچنے کو یادگار بنا رہی ہوتی ہیں۔ ساہیوال آرٹس کونسل کے ڈائیریکٹر ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی کی زیر نگرانی اس پروگرام کے انتظامات کو خوبصورت اور احسن انداز میں سر انجام دینے کے لیے صنعت زار ساہیوال کی انتظامیہ نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ پروگرام میں شریک خواتین، لڑکیوں اور بچیوں نے اس پروگرام کو خوش آئند قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ آرٹس کونسل خواتین کے لئے تفریحی پروگراموں کا تسلسل سے انعقاد کرواتی رہے گی۔
