کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے چارج سنبھالتے ہی فرائض کی ادائیگی شروع کر دی

Spread the love

ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے چارج سنبھالتے ہی فرائض کی ادائیگی شروع کر دی۔ انہوں نے ڈویژن میں جاری پولیو ویکسینیشن مہم اور ڈینگی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے کمشنر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، دائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ہدایت کی کہ پولیو فری پاکستان کا ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سیزن میں ڈینگی بخار کا خطرہ روکنے کے لئے سرویلینس تیز کی جائے اور اس سلسلہ میں عوام سے مربوط رابطہ رکھا جائے کیونکہ ڈینگی لاروا کا خاتمہ عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ انہو ں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے گھروں، گلی اور محلوں میں پانی نہ کھڑا ہونے دیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔ کمشنر ساہیوال سلوت سعید نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں اور مراکز صحت پر ادویات کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنائی جائے اور او پی ڈی میں آنے والا کوئی مریض دوائی سے محروم نہ رہے۔انہوں نے مراکز صحت پر ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حاضری ہر صورت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران ڈویژن بھر میں جاری پولیو مہم بارے بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم نے بتایا کہ 23مئی سے شروع ہونے والی 5روزہ پولیو مہم کے دوران پانچ ساہیوال سے کم عمر کے 15لاکھ29ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ 2013کے بعد ساہیوال ڈویژن سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہواجو کہ خوش آئند بات ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں