عوام کو اشیاء صرف کی کنٹرول ریٹ پر دستیابی یقینی بنانا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے،ڈپٹی کمشنر ساہیوال

Spread the love

ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے کہا ہے کہ عوام کو اشیاء صرف کی کنٹرول ریٹ پر دستیابی یقینی بنانا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخوں کو نافذ کروانے میں اپنی پوری انتظامی صلاحیتیں صرف کریں اور روزانہ کی بنیاد پر پرائس چیکنگ جاری رکھیں تاکہ دوکانداروں کی طرف سے اوورچارجنگ کی شکایات کو روکا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں اے ڈی سی جنرل نعمان افضل نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے مختلف محکموں کے پرائس مجسٹریٹس پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے محکمے سے متعلقہ اشیاء کی قیمتوں کو بھی باقاعدگی سے مانیٹر کریں۔ انہوں نے رہڑی والوں اور چھوٹے دوکانداروں کی چیکنگ کی بجائے بڑی دوکانوں اور شاپنگ مالز پر توجہ مرکوز رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مئی کے دوران اب تک ضلع بھر میں 3417پرائس چیکنگ کی گئیں جس میں 227دوکانداروں کو مختلف خلاف ورزیوں پر 5لاکھ48ہزار5سو روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 3مقدمات بھی درج کر کے 10افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹس پر زور دیا کہ وہ پرائس چیکنگ کا عمل اپنی روزانہ کی سرکاری مصروفیات میں ترجیحی بنیادوں پر رکھیں کیونکہ ان کی چیکنگ سے ہی عام آدمی کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا اور اوور چارجنگ کا خاتمہ ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں