ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )چیئرمین ساہیوال بورڈ حافظ محمد شفیق کی کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد اور پھول پیش کیے۔ انہوں نے میٹرک کے جاری امتحانات بارے بریفنگ بھی دی اور کہا کہ کلاس نہم کے امتحانات ڈویژن بھر میں 224سنٹرز میں جاری ہیں جہاں 82ہزار7سو سے زائد طلبہ و طالبات امتحانات دے رہے ہیں۔ کمشنر نے امتحانات کیلئے بورڈ کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ لی اور فول پروف انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے امتحانات کے دوران نقل کو روکنے کیلئے نگرانی کا عمل سخت کرنے کی بھی ہدایت کی جس پر چیئرمین بورڈ حافظ شفیق احمد نے بتایا کہ بنک سے لے کر امتحانی مرکز تک پیپرز اور جوابی کاپیاں پہنچانے کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے دسویں کلاس کے پیپرز انتہائی پرامن ماحول میں ہوئے اور کہیں سے بھی کوئی شکایت نہیں آئی۔ بعدازاں کمشنر نے ڈی پی ایس سکول کا بھی دورہ کیا اور بورڈ اجلاس کی صدارت کی۔ پرنسپل برگیڈئر (ر) سید انوارالحسن کرمانی نے سکول کی تاریخ، تعلیمی کامیابیوں، جاری ترقیاتی منصوبوں اور ہم نصابی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی جس پر کمشنر سلوت سعید نے ساہیوال میں معیاری تعلیم کے فروغ میں سکول کے کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اساتذہ اسی محنت سے اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں خصوصاً کھیلوں پر بھی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی۔
