ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا ہے کہ معاشرے میں رواداری ،برداشت اور بھائی چارے کے فروغ میں آرٹ اور لٹریچر کا اہم کردار ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں میں پینٹنگ ،کیلی گرافی اور خطاطی جیسے ٹیلنٹ کو فروغ دیا جائے۔ پنجاب حکومت معاشرے سے عد م برداشت کے خاتمے کے لئے ہمہ جہتی پروگرام پر عمل پیرا ہے جس میں معاشرے کے تمام طبقات خصوصا نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے – انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام مصطفی زیدی آرٹ گیلری میں نوجوانوں کے بنائے ہوئے خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی -اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی ،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی ،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز محمد وسیم اکرم اور الیاس اکبر سنگلہ سمیت طلبا و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی- انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے ٹیلنٹ کی پذیرائی سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے جس سے ان کے فن میں مزید نکھار پیدا ہوتا ہے-انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے گھروں میں رہ کر بھی اپنے ہنر کومنوا سکتی ہیں اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اپنا اہم کردار ادا کر سکتی ہیں -ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے بتایا کہ نمائش میں ان خواتین کے فن پارے رکھے گئے ہیں جنہوں نے اپنے شوق کی تسکین کے لئے خطاطی کا شعبہ چنا اور ساہیوال آرٹس کونسل ایسے فنکاروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی -نمائش میں اقصی خالد ،شازیہ پروین ،عائشہ ذوالفقار ،ماروا سلمی ،واصف ادریس ،لائبہ صدف ،نفسیہ اکرم ،ثوبیہ لاریب ،صدف طارق ،سمیرا صدف ،حادیہ اعجاز اور مقدس شہزادی کے فن پارے نمائش کے لئے رکھے گئے ہیں۔
