ساہیوال ( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )عوام کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے بچانے اور انہیں اشیاءصرف کی سرکاری نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پرائس مجسٹریٹس کا اہم کردار ہے اور ڈویژن کے تمام مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کو چیک کریں اور سرکاری نرخوں پر اشیاءصرف کی فروخت کو یقینی بنائیں -ریٹ لسٹوں کو نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے کی عوامی شکایات برداشت نہیں کی جا سکتی اس لئے تینوں اضلاع کی انتظامیہ تمام بڑی و چھوٹی دوکان اورریڑھی پر ریٹ آویزاں کرائیں۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے اپنے دفتر میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے سلسلے میں ہونے والے ایک جائزہ اجلاس میں کہی جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز محمد خضر افضال چوہدری ،زاہد پرویز وڑائچ اور احمر سہیل کیفی ،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر نبی دیوان ،ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین اور چیف آفیسر ضلع کونسل شہزاد اقبال قریشی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی -انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح عوام کو قیمتوں میں ریلیف دینا ہے جس کے لئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کئے جانے چاہیں -انہوں نے آٹا ،چینی اور گھی کی ارزاں سرکاری نرخوں پر فروخت کے لئے فوری طور پر فیئر پرائس شاپس قائم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ عوام کو یہ بنیادی اشیاءکنٹرول ریٹ پر میسر آ سکیں -کمشنر سلوت سعید نے دوکانوں پر ریٹ لسٹیں آویزاں نہ ہونے کی عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیا اور کہا کہ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر کوئی رعایت نہیں کی جانی چاہیے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے اشیائے صرف کی دستیابی کے لئے تاجر تنظیموں سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔
