کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں استحکام لا کر عوام کو ناجائز منافع خوری سے نجات دلانا ہے

Spread the love

ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال ) کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں استحکام لا کر عوام کو ناجائز منافع خوری سے نجات دلانا ہے جس کیلئے ریٹ لسٹوں پر عمل درآمد بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ ڈویژن میں تعینات تمام پرائس مجسٹریٹس روزانہ فیلڈ میں نکلیں اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں جس میں قیمتوں کی مانیٹرنگ، ریونیو سٹاف کی کارکردگی اور سرکاری واجبات کی وصولی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز محمد خضر افضال چوہدری، زاہد پرویز وڑائچ، احمر سہیل کیفی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد سعید نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس ریٹ لسٹوں کی نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جانے کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ آنے والا ہر خریدار قیمتوں کے بارے میں آگاہ ہوسکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اوور چارجنگ کی خلاف ورزی پر کوئی رعائت نہ کی جائے اور اس سلسلے میں بڑی دوکانوں اور مارکیٹوں پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے۔ اجلاس میں محکمہ ریونیو سے متعلقہ مقدمات کی ڈسپوزل کا بھی جائزہ لیا گیا اور کمشنر سلوت سعید نے تحصیلدار اور نائب تحصیلدار کی عدالتوں میں مقدمات کی فیصلوں کی سست روی پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے تمام ریونیو افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ریونیو مقدمات کا جلد فیصلہ کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہو ں نے کہا کہ ریونیو افسران کی بنیادی ذمہ داری ریونیو سے متعلقہ سرکاری واجبات کی بروقت وصولی اور ریونیو مقدمات کے جلد فیصلہ کرنے کی ہے جس میں کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں