سابق صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو اشیاء صرف کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے

Spread the love

( ساہیوال چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )
سابق صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو اشیاء صرف کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے اور انہیں مہنگائی سے ریلیف دلانے کیلئے ضروری انتظامی اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پرائس مجسٹریٹس روزانہ فیلڈ میں نکلیں اور قیمتوں پر عملدرآمد کو ممکن بنائیں۔ انہوں نے یہ بات منٹگمری ہال میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ضروری اشیاء صرف کی قیمتوں کا از سر نو تعین کیا گیا۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک، نوید اسلم خان لودھی اور رانا ریاض احمد، ساہیوال چیمبر کے سابق صدر چوہدری محمد حسین زاہد، مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما آئی زیڈ بھٹی اور انتظامی افسران ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری، اے ڈی سی ریونیو عاصم سلیم، اے ڈی سی جنرل نعمان افضل، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر لبنیٰ جبار، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز عاطف رضا میر، ای اے ڈی اے ایگریکلچر مارکیٹنگ ڈاکٹر اسد نصیر اورسیکرٹری مارکیٹ کمیٹی محمد زبیر کے علاوہ مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ انہو ں نے کہا کہ روزمرہ اشیاء میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے ضروری ہے کہ منڈیوں میں بولی کے عمل کی بھی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے اشیاء ضروری کی سپلائی چین بہتر بنانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام اشیاء صرف کی وافر مقدار میں دستیابی کو بھی یقینی بنائیں۔ اجلاس میں ضروری اشیاء صرف کی قیمتوں کو بھی مختص کیا گیا جس کے تحت دال چنا موٹی 170روپے فی کلو، دال چنا باریک 160روپے، دال مسور موٹی 250روپے، دال ماش 295روپے، دال مونگ 138روپے کلو مقرر کی گئی۔ اجلاس میں دال چنا کی قیمت کو اوپن رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اجلاس میں بیسن کی قیمت 170روپے کلو، سپر باسمتی نیا200روپے کلواور سپر باسمتی پرانا 210روپے کلو، دودھ فی لیٹر110روپے، دہی120روپے جبکہ بیف کی قیمت 600روپے کلو مقرر کی گئی۔ سابق صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے انتظامی افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ ان قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور اوور چارجنگ کو روکا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں