کمشنر ساہیوال نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ میں نکلیں اورسیلاب سے نمٹنے کیلئے کیے گئے اقدامات کا از سر نو جائزہ لیں

Spread the love

ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے مون سون سیزن میں بارشوں اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ میں نکلیں اورسیلاب سے نمٹنے کیلئے کیے گئے اقدامات کا از سر نو جائزہ لیں۔ انہوں نے میونسپل افسران کو مون سون سیزن سے پہلے سیوریج لائنوں کی صفائی مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ شہر میں سڑکوں کی مرمت کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے ڈویژن کے میونسپل اداروں کو سڑکوں کے اردگرد جمع کوڑے کرکٹ کو بھی فوری اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہر بھر میں موجود پرانی بلڈنگز کا تعین کیا جائے اور مالکان کو نوٹسز جاری کیے جائیں اور مشینری کو فنگشنل کیا جائے۔ وہ اپنے دفتر میں ممکنہ سیلاب اور مون سون سیزن کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہی تھیں جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز محمد خضرافضال چوہدری، زاہد پرویز وڑائچ اور احمر سہیل کیفی کے علاوہ ہیلتھ، ایریگیشن، لائیوسٹاک، زراعت، سول ڈیفنس، ریسکیو،لوکل گورنمنٹ،میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا کہ رواں برس مون سون سیزن میں زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر تمام محکمے ہائی الرٹ رہیں اور مشینری کو فنگشنل رکھیں۔ انہوں نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ تمام محکموں کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیں اور فلڈ فائٹنگ پلان مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر دریائی علاقوں میں تجاوزات اور کچی آبادیوں کا دورہ کریں اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں تاکہ پانی کے بہاؤ میں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز لائیوسٹاک کے جانب سے قائم کیے گئے ویکسینیشن سنٹرز کا بھی دورہ کریں اور ریکارڈ چیک کریں۔ کمشنر ساہیوال سلوت سعید نے محکمہ صحت کے ڈویژنل اور ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ ڈاکٹرز، نرسز، ویکسینیٹرز اور دیگر سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر تیار کریں اور ہسپتالوں میں زائد المعیاد ادویات کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے۔ انہوں نے تمام ہسپتالوں میں ادویات کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہو ں نے کہا کہ محکمہ ہیلتھ کے ساتھ ساتھ تمام محکمے ڈیوٹی روسٹرز تیار کریں تاکہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے نمنٹنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے کسی قسم کی سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں