ضلعی انتظامیہ ساہیوال کی طرف سے اشیاء خوردونوش کے نرخ کنٹرول میں رکھنے کیلئے اقدامات میں تیزی

Spread the love

ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )ضلعی انتظامیہ ساہیوال کی طرف سے اشیاء خوردونوش کے نرخ کنٹرول میں رکھنے کیلئے اقدامات میں تیزی آگئی ہے اوراس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے اشیاء ضروریہ کی سرکاری ریٹ پر دستیابی کا جائزہ لینے کیلئے شہر کےمختلف کریانہ، ملک شاپس اور ہوٹلوں کی چیکنگ کی گئی۔ چیکنگ کے دوران ہائی سٹریٹ پر واقع فاروق کریانہ سٹور کو 170روپے والا بیسن 200روپے فی کلو فروخت کرنے اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر 18ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اسی طرح انہوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ سٹی بند روڈ پر ناقص صفائی اور ملاوٹ پر بلوچ ملک پوائنٹ کو 16 ہزار جبکہ پاکیزہ امان ملک شاپ کو 25 ہزار روپے نقد جرمانہ کیا۔ ہائی سٹریٹ پر واقع بلبل ہوٹل پر 10روپے کی روٹی فروخت کرنے پر 5ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو اشیاء روزمرہ کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ کم سے کم مہنگائی کے اثرات عوام تک پہنچیں اور بنیادی اشیاء روزمرہ انہیں مناسب نرخوں پر دستیاب ہوں جس کے لئے روزانہ کی بنیاد پر اشیاء روزمرہ کی طلب و رسد اور قیمتوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد قیمتوں کا عوامی دسترس میں رکھنا اور خود ساختہ مہنگائی و ذخیرہ اندوزی کے خاتمہ کو یقینی بنانا ہے جس کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں