ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال) طلبا و طالبات میں سکالرشپس کے حصول سے متعلق آگاہی کی ضرورت ہے، پاکستان میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن سمیت کئی سکالرشپس طلبا و طالبات علم نہ ہونے کے باعث حاصل نہیں کر پاتے۔ یہ بات ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد ظفر نے یونیورسٹی ہذا میں یو ایس ایڈ فنڈڈ، میرٹ اینڈ نیڈ بیسڈ اسکالرشپ پروگرام کے تحت ساہیوال اور وہاڑی کی طالبات میں سکالرشپ سرٹییفیکٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب کے مہمانِ اعزاز ڈائریکٹر یو ایس ایڈ اور احساس سکالرشپ پروگرام، ہائیر ایجوکیشن کمیشن محمد اظہر علی خان، مینجر محمد زبیر، ہیڈ آف گائناکالوجی ڈیپارٹمنٹ، ساہیوال میڈیکل کالج، ساہیوال، پروفیسر ڈاکٹر صفیہ اظہار اور فاؤنڈر چیئرمین، نیو یارک چیمبر آف سمال بزنسز کواپریشن سید علمدار حسین شاہ تھے۔ اس موقع پر ایم ایس کمپیوٹر سائنس کے لیے زیرِ تعلیم ادارہ ہذا کے وہاڑی کیمپس کی 5 طالبات جبکہ ساہیوال کیمپس کی 10 طالبات کو مکمل فنڈڈ سکالرشپ فراہم کیا گیا جس کے تحت طالبات کو سالانہ دو لاکھ چونسٹھ ہزار روپے تک کا وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔ انچارج سٹوڈنٹ سپورٹ سنٹر صفدر علی نے بتایا کہ اب تک کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس کے 58 سے زائد طلباء اس سکالرشپ پروگرام کے تحت مستفید ہو چکے ہیں۔ ان میں لڑکیوں کی تعداد 24 ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر، ٹیک سٹیپ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ، ذیشان نبی، لیکچرر یونیورسٹی آف اوکاڑہ، ثناء یٰسین، اور نوشابہ عمران نے یو ایس ایڈ سکالرشپ پروگرام کی بدولت ان کے پروفیشنل کیریئر کی ترقی پر روشنی ڈالی۔ ڈائریکٹر سی یو آئی، ساہیوال کیمپس نے کہا کہ یوایس ایڈ کے تحت ملنے والے سکالرشپ کسی اعزاز سے کم نہیں ہیں، میں امید کرتاہوں کہ طالبات اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر اپنی منزل تک پہنچ جائیں گے۔ بہت سے غریب بچوں کے لیے یو ایس ایڈ جیسے شراکت داروں کی مدد اور سرمایہ کاری کی بدولت یونیورسٹی کی تعلیم ممکن ہوئی۔شرکا نے کہا کہ خواتین کوحصول تعلیم میں آسانیاں فراہم کرنے اور یو ایس ایڈ کے سکالرشپ پروگرام کو سراہا اور کہا کہ ایسے عوامل سے ہم آنے والی نسل کو بااختیار اور تعلیم یافتہ بنا سکتے ہیں۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد رضا، ہیڈ اکڈیمکس، رانا عدیل عباد، ڈپٹی رجسٹرار، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس، فیکلٹی ممبران، مریم اعظم اور فہیم شہزاد نے شرکت کی۔ آخر میں طالبات میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے گئے جبکہ مہمانوں کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔
