ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )زندہ معاشرے اپنی ثقافتی روایات کی بنیاد پر سانجھ اور برداشت کو فروغ دیتے ہیں۔ ہماری دھرتی بہترین تہذیبی اقدار اور ثقافتی اطوار سے بھری پڑی ہے۔پاکستان کے سافٹ امیج کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کیلئے ہمیں اپنی ثقافتی روایات کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد صادق بلوچ نے ساہیوال آرٹس کونسل کے زیراہتمام لوک موسیقی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں معروف گلوکار ملکو نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کو برداشت اور رواداری کی ترویج کے لیے مسلسل کاوش جاری رکھنی چاہیے تاکہ ہم دنیائے عالم کے سامنے اپنے مثبت ثقافتی چہرے کو نمایاں کر سکیں۔ لوک موسیقی لوگوں کے دلوں پر راج کرتی ہے اور ہماری لوک ثقافت کو زندہ رکھنے کا سبب ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے ڈی پی او ساہیوال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ آرٹس کونسل کی تقریبات کی حوصلہ افزائی کی اور سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا۔تقریب کے اختتام پر انہو ں نے معروف فوک گلوکار ملکو کا شکریہ ادا کیا۔ اس پروگرام میں فیملیز کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور کونسل کی تقریب اور انتظامات کو سراہا۔
