گلگت (پ ر) AC / ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت کیپٹن (ر)اریب احمد مختار نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و آمان کے قیام کیلئے ضلعی انتظامیہ عمائدین شہرکے ساتھ قریبی تعلق رکھے گی، مجسٹریٹس، نمبرداروں اور محلہ جاتی محرم کمیٹیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے تمام حلقہ نمبرداروں اپنے اپنے حلقوں میں امن آمان کے قیام کیلئے کردار ادا کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز دربار ہال میں تحصیلدار ہیڈ کوآرٹر مختار احمد، نائب تحصیلداروں اور حلقہ نمبرداروں کیساتھ محرم الحرام میں قیام امن کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں امن و آشتی کا درس دیتا ہے امید ہے محرم کے ایام میں رواداری، ایثار و قربانی اور بھائی چارگی کے فروغ میں مدد ملے گی۔ اس سے قبل نمبرداروں نے اپنے اپنے حلقوں میں محرم الحرام کے آمد پرامن مجالس کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی محلہ جاتی امامیہ انجمنوں کے ساتھ ملکر محرم الحرام کے پرامن اندازمیں انعقاد یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نمبرداروں نے علاقے میں پائیدارامن کے قیام کیلئے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا جو کہ آن دی ریکارڈ ہے ہم یقین دلاتے ہیں کہ محرم الحرام کے ایام میں پہلے سے بہتر انداز میں کردارادا کریں گے۔ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت اریب احمد مختار نے تمام شرکائے اجلاس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انشاء اللہ ہم سب ملکر علاقے میں قیام امن کے سلسلے میں بہترین ورکنگ ریلیشن شپ کے طور پر بہتر کام کریں گے اورمحرم الحرام میں پائیدار امن کے قیام میں بڑی مدد ملے گی۔ اس سے قبل تحصیلدار ہیڈ کوآرٹر مختار احمد نے محرم الحرام کے ایام میں مجسٹریٹس کی ہنگامی ڈیوٹیوں،پولیس، محلہ جاتی امامیہ انجمنوں اور مختلف مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے سیاسی و سماجی شخصیات کے جانب سے قیام امن کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنرنے سماجی خدمات پر سیاسی و سماجی حلقوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ ضلعی انتظامیہ تمام مکاتب فکر کے ساتھ ملکر پائیدار امن کے قیام کیلئے کوشاں رہے گی۔
