ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری کی زیر صدارت ضلع بھر میں جاری اینٹی ڈینگی سرگرمیوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا سمیت تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے ہدایت کی کہ تمام افسران ڈیش بورڈ کو روزانہ چیک کریں اور موصول ہونے والی شکایات فوری حل کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سکولوں اور کالجوں میں صفائی کروائی جائے اور ان کے سربراہ ذاتی طور پر صفائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی جگہوں جہاں سے لاروا برآمد ہوا ہو وہاں روزانہ کی بنیاد پر مچھر مار سپرے کی جائے تاکہ ان کی افزائش کو کنٹرول کیا جا سکے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ صحت کی ٹیموں کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر ضلع بھر میں موجود ٹائر شاپس کی چیکنگ لازمی کریں اور ڈینگی لاروا کی موجودگی کی صورت میں ٹائر فوری تلف کیے جائیں۔
