ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )کمشنر ساہیوال کا قطب شہانہ کا ہنگامی دورہ، دریائے راوی کے کٹاؤ کی جگہ کا معائنہ، دریا کے کٹاو کو روکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، کمشنر کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے قطب شہانہ کا ہنگامی دورہ کیا اور دریائے راوی کے کٹاؤ کی جگہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری اور چیف انجنیئر اریگیشن رانا محمد افضل بھی ہمراہ تھے۔ ایکسین ایل بی ڈی سی عمر ابرار نے کمشنر کو کٹاؤ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر کمشنر ساہیوال سلوت سعید نے کہا کہ ساہیوال فیصل آباد روڈ کو کٹاؤ سے بچانے کے اقدامات میں تیزی لائی جائے اور سڑک کے کناروں کو پتھر رکھ کر مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے محکمہ اریگیشن اور ہائی وے کٹاؤ روکنے کے مشترکہ اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے علاقہ مکینوں سے بھی ملاقات کی اور دریا کے کٹاؤ کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ دریا سے ملحقہ دیہات کے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ایس ای ھائی وے اشفاق حسین اور ایس ای ایل بی ڈی سی سرفراز خالد بھی اس موقع پر تھے۔
