گلگت (پ ر) ضلعی انتظامیہ نے شہر میں امن و آمان کو یقینی بنانے کیلئے موٹر سائیکل ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔حالات کوبہتر بنانے کیلئے اقدامات پہلے سے زیادہ سخت کئے گئے ہیں، شہرکے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ جاری ہے، مفاد عامہ کے تحت سکیورٹی کو ہر لحاظ سے بہتر کیا جارہاہے،ان خیالات کااظہاراسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کارپوریشن گلگت کیپٹن (ر)اریب احمد مختار نے شہر کے داخلی و خارجی اور وسطی علاقوں میں قائم مختلف پویس چیک پوسٹوں کے دورے کے موقع پر پولیس جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔عوام کی حفاظت کی غرض سے پولیس جوان، پیراملٹری فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروے ہمہ وقت چوکس ہیں بغیر کاغذات، لائسنس اور دیگر ضروری ڈاکمنٹس کے بغیر کسی بھی گاڑی کو شہرمیں داخلے کی اجازت نہ دیں۔۔ انہوں نے پولیس جوانوں سے کہا کہ عوام کی جا ن ومال کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے چیکنگ کا عمل تیز کیا جائے، شرپسندوں پر نظر رکھی جائے، مشکوک افراد کی جان کاری رپورٹ لی جائے بغیرشناختی کار ڈ شہر میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے عوام کے نام پیغام میں کہاکہ مجالس کے دوران امام بارگاہوں، مجالس، جلوس اور ناکوں پر ڈیوٹی دینے والے پولیس اور رینجرز کے جوانوں کے ساتھ عوام تعاون کریں یہ آپ کی حفاظت کیلئے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے بدھ کے رو ز مجسٹریٹس کو خصوصی احکامات دیں ہیں کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں حفاظتی انتظامات کی بہتری کیلئے، ماتمی انجمنوں، عمائدین علاقہ، اور نمبرداروں کے ساتھ عوامی رابطہ مہم بہتر بنائیں اور جلوس و مجالس کے حوالے سے الفا کنٹرول سے رابطہ میں رہیں۔ ضلعی انتظامیہ امن و آما ن یقینی بنانے کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی محرم الحرام میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ڈپٹی کمشنر گلگت کیپٹن (ر) اسامہ مجید چیمہ کے قیادت میں اے سی او ر اسکی ٹیم ہمہ وقت تیار اور چوکس ہے۔
