کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے علما کرام اور سول سوسائٹی پر زور دیا ہے کہ ڈینگی پر قابو پانے میں عوام کو آگہی دیں

Spread the love

ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے علما کرام اور سول سوسائٹی پر زور دیا ہے کہ ڈینگی پر قابو پانے میں عوام کو آگہی دیں کیونکہ عام آدمی کے تعاون کے بغیر ڈینگی پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ صفائی ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس کو اپنانے سے ہم ڈینگی جیسی مہلک بیماریوں پر قابو پا سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اینٹی ڈینگی ویک کے سلسلے میں ضلع کونسل ہال میں ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنر کامران خان، اے ڈی سی جنرل نعمان افضل، اسسٹنٹ کمشنر صولت حیات وٹو، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل سیدضیاء اللہ شاہ بخاری، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر نبی دیوان سمیت ضلع کی سیاسی و انتظامی شخصیات، علماء کرام، تاجر، صحافی برادری اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔ کمشنر ساہیوال سلوت سعید نے اینٹی ڈینگی مہم میں علماء کرام، اساتذہ اور تاجروں کو بھی شریک کرنے پر زور دیا تاکہ ڈینگی سے بچاؤ کا پیغام گھر گھر پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر ریاست اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام نہیں دی سکتی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کامران خان نے کہا کہ ترقی یافتہ معاشرے میں عوام کا مثبت کرداربہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور اس وقت ہمارے ملک کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان پر قابو پانے کیلئے عوام کا انتظامیہ کے ساتھ تعاون بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اینٹی ڈینگی ویک منانے کا مقصد لوگوں میں یہ احساس پیدا کرنا ہے کہ ڈینگی کو کنٹرول ایک قومی اور دینی فریضہ سمجھ کر کریں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گورنمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر بھی مکمل عمل کریں۔ انہوں نے تمام سرکاری محکموں پر زور دیا کہ اینٹی ڈینگی مہم میں محکمہ صحت سے مکمل تعاون کریں اور اپنے دفاتر، سرکاری عمارتوں کی چھتوں کی صفائی یقینی بنائیں اور بارش کا پانی کھڑا نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو کنٹرول کیا جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ قبرستانوں،پارکوں اور کھلی جگہوں کی صفائی خصوصی توجہ دی جائے اور گھروں میں لگے اے سی، ایئر کولرز اور گملوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔ ممبر اسلامی نظریاتی کونسل سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے کا ہر فرد اینٹی ڈینگی مہم میں اپنا حصہ ضرور ڈالے اور اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھے کیونکہ صفائی کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں۔سیمینار کے اختتام پر ضلع کونسل ہال سے ڈی سی چوک تک اینٹی ڈینگی ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں شرکاء نے پلے کارڈز کی مدد سے ڈینگی سے بچاؤ کا پیغام دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں