ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار وومن ساہیوال میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے 2018میں ہونے والے مضمون نویسی اور تقریری مقابلہ جات کی پوزیشن ہولڈرز140 طالبات میں چیک تقسیم کرنے کے علاوہ رحمت العالمین سکالرشپ کے چیک بھی تقسیم کیے گئے۔ رہنما پاکستان تحریک انصاف شیخ شاہد حمید تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ، کالج پرنسپل ارمغانہ زین، وائس پرنسپل نغمانہ صدیق اور طالبات کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ تقریب کے مہمان خصوصی شیخ شاہد حمید نے کہا کہ طالبات تعلیم کو اپنا شعار بنائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے سکالر شپ ہولڈر بچیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود احمد فریدی نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن کورحمت العالمین سکالرشپ کے 124چیک موصول ہوئے تھے جو ڈویژن بھر کے کالجز میں تقسیم کر دیے گئے ہیں۔ دریں اثناء کالج میں ہاتھ سے لکھے قرآن پاک حجم میں دُنیا کے سب سے بڑے نُسخے کی نمائش کابھی اہتمام کیا گیا۔41 فٹ لمبے اور 8 فٹ چوڑے نسخے کو لکھنے کی سعادت سید امتیاز حسین شاہ نورانی مجددی نے حاصل کی ہے۔ کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت نے قلمی نسخے کی نمائش کا افتتاح کیا۔ قلمی نسخے کی نمائش میں شرکاء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اورقلمقار کے جذبہ کو سراہا۔انہو ں نے کہا کہ قلمکار نے شاندار کاوش کرکے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیاہے۔
