ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان افضل کی زیر صدارت منٹگمری ہال میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں متوقع سموگ کی صورتحال سے نمنٹنے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ماحولیات، لیبر، زراعت، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جنرل نعمان افضل نے دھواں اور سموگ کا باعث بننے والی فیکٹریوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیاں عمل میں لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے بھٹوں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے اور پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ہونے والی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے بھٹوں اور فیکٹریوں کو جرمانے کیے جائیں۔ انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف اور محکمہ زراعت کو فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف بھی کاروائیاں کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹرانسپورٹرز کی آگہی کے سلسلے میں تمام اڈوں پر فلیکسز آویزاں کی جائیں اور لوگوں کو سموگ کے مضر صحت اثرات بارے آگہی فراہم کرنے کیلئے پمفلٹس تقسیم کیے جائیں۔
