یوٹیلیٹی اسٹورز پر آنے والے خریداروں کی تذلیل

Spread the love

جہلم (اختر شاہ عارف) حکومت وقت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر لوگوں کو سستی چیزوں کا “لالی پاپ” دے کر عوام کی تذلیل کی انتہا کردی ہے۔ذیر نظر تصویر سول لائنز جہلم پر واقع ایک یوٹیلیٹی سٹور کی ہے۔ ان تصاویر میں یوٹیلیٹی سٹور کے سامنے ہر عمر کی خواتین اور مردوں کےہجوم کو دیکھا جا سکتا ہے۔یوں لگتا ہے کہ جیسے یہاں کوئی خیرات بٹ رہی ہے۔یا بھیک مانگنے والے بھیک کے لیئے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔یوٹیلٹی سٹور کے دروازے پر کھڑا کیا گیا گارڈ “ایک وقت میں ایک گاہک”کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے صرف ایک گاہک کو سٹور میں جانے کی اجازت دے رہا ہے۔باقی ان گنت لوگ سٹور کے سامنے کھلی جگہ پر کھڑے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔اور قریبی سڑک پر گزرنے والے ہر راہگیر کی تضحیک آمیز نظروں کا سامنا کر رہے ہیں۔یہ بات نا قابلِ فہم ہے۔کہ یوٹیلیٹی سٹور میں آخر وہ کون سی نایاب شے ہے۔جس کی بدولت صرف ایک وقت میں ایک ہی بندہ سٹور میں داخل ہو سکتا ہے۔چلیں اگر کوئی ایسی مجبوری ہے بھی تو کم از کم ان لوگوں کی عزت نفس کو مجروح تو نہ کیا جائے کہ وہ اپنے آپ کو بھکاریوں کی طرح محسوس کرتے ہوئے گھنٹوں یوٹیلیٹی سٹور کے سامنے دھوپ میں کھڑے ہونے پر مجبور ہوں۔یوٹیلٹی اسٹورز پر ارزاں نرخوں پر عوام کو چیزیں مہیا کرنا حکومت وقت کی ذمےداری ہوتی ہے۔یہ عوام پر حکومت کا کوئی احسان نہیں ہوتا۔لوگوں نے اپنے ساتھ ہونے والے اس تذلیل اور توہین آمیز سلوک پر سخت احتجاج کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے۔کہ یوٹیلیٹی اسٹورز عوام سے ہونے والے ناروا سلوک کا سد باب کیا جائے۔اور “ایک وقت میں ایک گاہک”کی پالیسی ختم کرتے ہوئے یوٹیلیٹی سٹور میں ہر گاہک کو آنے جانے کی اجازت ہونی چاہیئے۔تاکہ سٹورز کے سامنے توہین آمیز انداز میں گھنٹوں کھڑے رہنے سے نجات مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں