وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے زیر صدارت بجٹ 2023-24 کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

Spread the love

گلگت(مظہر مغل سے) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے زیر صدارت بجٹ 2023-24 کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ زراعت، تعلیم اور صحت کے شعبے ہمارے اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ بجٹ میں ان شعبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ پہلی مرتبہ گلگت بلتستان کا ریونیو 2 ارب سے تجاوز کرگیا ہے۔ آئندہ مالی سال میں لائیو سٹاک اور زراعت کے اہم شعبوں میں ایک ارب سے زیادہ کے خصوصی منصوبے شروع کئے جائیں گے جس سے گلگت بلتستان زرعی شعبے میں خودکفالت کی طرف گامزن ہوگا۔ مقامی زمینداروں اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے خصوصی مراعات (Incentives)متعارف کرائے جارہے ہیں۔تعلیم کے شعبے میں سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ گلگت بلتستان میں اخباری صنعت کو فروغ دینے کیلئے پہلی مرتبہ خصوصی اشتہارات کی ادائیگیوں کیلئے رقم مختص کی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہاکہ زراعت، تعلیم اور صحت کے شعبے میں خصوصی اصلاحات متعارف کرائے جارہے ہیں جس کے دورس نتائج سامنے آئیں گے۔ تمام محکموں میں کفایت شعاری یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات تجویز کئے جارہے ہیں جس کے تحت سرکاری گاڑیوں کی فیول میں کمی کی جارہی ہے۔ وفاقی حکومت سے بجٹ میں اضافے کیلئے رابطہ کیا جارہاہے۔ بجٹ کے مثبت ثمرات عام عوام تک پہنچیں گے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات و پلاننگ فتح اللہ خان،صوبائی وزیر قانون سید سہیل عباس، صوبائی وزیر تعمیرات وزیر سلیم، صوبائی وزیر بلدیات عبدالحمید، صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم، صوبائی وزیر برقیات مشتاق احمد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری خزانہ نے بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں