جہلم تا سوہاوہ جی ٹی روڈ پرموٹر وے پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث حادثات میں دن بدن اضافہ ہونے لگا

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم تا سوہاوہ جی ٹی روڈ پرموٹر وے پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث حادثات میں دن بدن اضافہ ہونے لگا، آئے روز بے گناہ معصوم شہری لقمہ اجل بننے لگے، جبکہ درجنوں افراد معذوری کی زندگیاں گزارنے پر مجبور، حکومت موٹر وے پولیس کو حادثات کی روک تھام، ٹریفک کی روانی کے لئے لاکھوں، کروڑوں روپے کے فنڈز مختلف مدات میں جاری کرتی ہے مگر موٹر وے پولیس کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہو چکی ہے جس پر شہری حلقوں نے شدید تشویش اور غم و غصہ کا اظہار بھی کیا، سروے رپورٹ میں یہ پتہ چلا ہے کہ موٹر وے پولیس جہلم تا مسہ کسوال تک جی ٹی روڈ پر ٹریفک کنٹرول کرنے کی بجائے مختلف علاقوں کے مخصوص مقامات پر ناکہ بندی کرکے مبینہ طور پر ٹرکوں، بسوں، ویگنوں سے جرمانے کی مد میں روزانہ ہزاروں، لاکھوں روپے وصول کرتی نظر آتی ہے، سڑکوں پر سریے سے لدے ٹرالے اور توڑی، ریت، کریش کے ٹریکٹر ٹرالیاں کھلے عام جی ٹی روڈ پر ٹریفک قوانین کی دھجیاں بکھیرتے نظر آتے ہیں، مسافر بسوں،ویگنوں، ہائی ایسسز کی تیز رفتاری کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں، جی ٹی روڈ پر موٹر سائیکلیں چلانے والے افراد نہ تو ہیلمٹ کا استعمال کرتے ہیں اور نہ ٹریفک قوانین کا خیال کرتے ہیں اسی طرح جی ٹی روڈ پر بغیر لائسنس موٹر سائیکل، چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں کی بھرمارنے جی ٹی روڈ پر چلنے والی ٹریفک کے لئے مسائل پیدا کر نے شروع کر رکھے ہیں، موٹر وے پولیس میں فرض شناس ایماندار افسران تعینات کرنے سے جی ٹی روڈ پر ہونے والے حادثات پر قابو پایا جا سکتا ہے، شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جہلم تا مسہ کسوال جی ٹی روڈ پر موت کا کھیل دن رات جاری ہے اور اس کی کوئی بھی موٹر وے پولیس کا افسر ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں، شہریوں نے آئی جی موٹر وے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم تا مسہ کسوال جی ٹی روڈ پر ہونے والے حادثات کی روزانہ کی بنیاد تفصیلات طلب کی جائیں جبکہ جمعہ اور اتوار کو منچلے جی ٹی روڈ پر ون ویلنگ کرکے بے گناہ شہریوں کی جانوں سے کھیلتے دکھائی دیتے ہیں جس کے لئے موٹر وے پولیس کسی قسم کی کارروائی کرنے کی دلچسپی نہیں لیتی شہریوں نے ویلروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں