لاک ڈاؤن سے پورا ملک کو میانوالی جیل بنا دیا گیا ہے: ملک الطاف حسین

Spread the love

حکمرانوں کو اس کا احساس نہیں کہ 30 دن کا لاک ڈاؤن ملک کو 30 سال پیچھے لے جائے گا

جیکب آباد(رپورٹ: زاہد حسین رند) پاکستان پرچم پارٹی کے چیئرمین ملک الطاف حسین نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے پورا ملک کو میانوالی جیل بنا دیا گیا ہے، جیلر کو اڈیالہ بھیج کر 22 کروڑ عوام کو آزاد کرانا ہوگا، حکمران کورونا کے خلاف جہاد میں عوام کو شامل کرنے کے بجائے خوفزدہ اور قید رکھنا چاہتے ہیں کیوں کہ ایسا کرنا عالمی سازش ہے جبکہ ہمارے حکمران ان کے آلہ کار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اس کا احساس نہیں کہ 30 دن کا لاک ڈاؤن ملک کو 30 سال پیچھے لے جائے گا حکمران اس بات کو بھول رہے ہیں کہ کورونا کا واویلا حکومت کے لیے جان لیوا ثابت ہوگا، بھوک بیماری سے زیادہ خطرناک ہے جبکہ عوامی قوت حکمرانوں کی قوت سے کہیں زیادہ فیصلہ کن ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اور مہنگائی کے مارے ہوئے عوام کو لاک ڈاؤن سے مار دینے والے حکمران عوام دوست نہیں ہوسکتے لہذا ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ضروری ہوگیا ہے کہ اسمبلیاں توڑ کر ملک میں 3 سال کے لیے ”نگران حکومت“ قائم کردی جائے کیوں کہ موجودہ حکمران نااہل اور اسمبلیاں ناکام ثابت ہوچکی ہیں حکمرانوں میں اتنا تدبر، برداشت، استقامت، حوصلہ اور صلاحیت نہیں کہ وہ خارجہ اور داخلہ محاذ پر درپیش کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں