تحریر: چوہدری الطاف شاہد
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے 27 فروری 2025 کو جب صحت کی وزارت سنبھالی تو اُنہوں نے ملک کے بیمار اور بوسیدہ صحت کے نظام کو بدلنے کا عزم کیا۔ اُن کا مشن نہ صرف نظام میں شفافیت لانا ہے بلکہ اُن کا خواب ہے کہ پاکستان کا ہر شہری، خواہ وہ کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتا ہو، بین الاقوامی معیار کی صحت کی سہولیات حاصل کر سکے۔ اُنہوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ایک غریب پاکستانی کو بھی وہی علاج اور میڈیکل سہولیات میسر ہونی چاہییں جو ایک امیر شہری کو حاصل ہیں۔ ان کے نزدیک صحت بنیادی انسانی حق ہے، نہ کہ کسی خاص طبقے کی مراعات۔
اسی مقصد کے تحت انہوں نے صحت کی سہولیات ہر دروازے تک پہنچانے کی پالیسی اختیار کی ہے۔ اُن کی قیادت میں شروع ہونے والی ٹیلی میڈیسن کی سہولت اس وژن کی عملی شکل ہے۔ اب دیہی علاقوں کے افراد بھی بڑے شہروں کے ماہر ڈاکٹروں سے مشورہ حاصل کر سکتے ہیں، اور ادویات اُنہیں ان کے گھروں تک فراہم کی جا رہی ہیں۔
پولیو کے خلاف قومی مہم میں ان کی قیادت نمایاں رہی، جس میں پانچ سال سے کم عمر کے 4 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ اس عظیم مقصد کے لیے 4 لاکھ سے زائد ہیلتھ ورکرز نے گھر گھر جا کر اپنی خدمات انجام دیں۔ وزیر صحت نے قوم کو بارہا یاد دلایا کہ پولیو کا کوئی علاج نہیں، صرف ویکسین ہی بچاؤ کا ذریعہ ہے، اور دنیا نے اسی راستے پر چل کر اس مرض کو شکست دی ہے۔
مصطفیٰ کمال کا ایک اور بڑا قدم جعلی ادویات کے خلاف کارروائی ہے۔ انہوں نے واضح اعلان کیا کہ کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جعلی دوا سازوں اور غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا ہے۔ انسپکشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو دوا ساز کمپنیوں، ڈسٹری بیوٹرز اور فارمیسیوں کا معائنہ کر رہی ہیں تاکہ صرف مستند اور محفوظ ادویات ہی مارکیٹ میں موجود ہوں۔
وزیر صحت نے EZ Shifa کے ڈیجیٹل کلینک منصوبے کو ملک گیر سطح پر پھیلانے کی منظوری دی تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام بھی کم خرچ پر معیاری علاج سے مستفید ہو سکیں۔ ہر شہری کا میڈیکل ریکارڈ قومی شناختی کارڈ سے منسلک کرنے کا فیصلہ بھی اسی وژن کا حصہ ہے تاکہ پورے ملک میں مریض کا علاج آسان، تیز، اور مؤثر ہو سکے۔
عالمی سطح پر بھی اُن کی کاوشیں نظر آتی ہیں۔ جنیوا میں انہوں نے برطانیہ کی ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی کے چیف میڈیکل ایڈوائزر سے ملاقات کی اور پاکستان میں جاری اصلاحات، “ون پیشنٹ ون آئی ڈی” اور ٹیلی میڈیسن سسٹم پر تبادلہ خیال کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا صحت کا شعبہ اب صرف علاج تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ٹیکنالوجی، ڈیجیٹلائزیشن، اور عالمی معیار کی خدمات کا مرکز بنے گا۔
سید مصطفیٰ کمال نے پارلیمانی لیڈر، وفاقی وزیر اور اصلاحات کے داعی کی حیثیت سے نہایت متحرک کردار ادا کیا ہے۔ ان کے اقدامات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ صرف وعدے نہیں کرتے، بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو تبدیلی کا احساس دلاتے ہیں۔
ان کا وژن ہے کہ پاکستان میں صحت کی سہولیات امیر و غریب کا فرق مٹاتے ہوئے ہر فرد کے دروازے تک پہنچیں، اور یہ نظام اتنا مضبوط ہو کہ دنیا اسے مثال کے طور پر پیش کرے۔ ان کی قیادت میں پاکستان کا صحت کا شعبہ ترقی کی ایسی راہ پر گامزن ہے جو مستقبل میں عوامی فلاح کا ضامن ثابت ہو گا۔
