پنڈدادنخان (ملک ظہیر اعوان) مجلس وحدۃ المسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس اور ملت تشیع کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی حمائت میں تحصیل پنڈدادنخان کے معروف سماجی رہنما سید حسن رضا کاظمی آف سیدانوالہ نے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے بعد ان کے اربعین میں شرکت کرنے کے لیے کربلا جانا اہل تشیع کے ایمان کا حصہ ہے اور عبادت ہے۔ اس عبادت میں شرکت کر کے ثواب دارین حاصل کرنے کے لٸے ضروری نہیں کہ ہر عزادار ہوائی سفر کے ذریعے ہی کربلا جائے کیونکہ بہت سے عزادار ہوائی سفر کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے اس لٸے زمینی سفر کرنا مجبوری اور ضروری ہوتا ہے۔ جبکہ پاکستان کے آئین میں کہیں بھی نہیں لکھا ہوا کہ زمینی سفر کرنا منع ہے یا غیر قانونی ہے۔ سفر خواہ ہوائی جہاز کا ہو یا گاڑی کا ہو یا ٹرین کا ہو یا پیدل ہو یہ ہر شہری کا حق ہے اور یہ حق اس نے اپنی بساط کے مطابق استعمال کرنا ہوتا ہے۔ حکومت جن آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے زمینی سفر پر پابندی لگا رہی ہے تو ہوائی سفر کے ذریعے عزاداروں کو مفت کربلا بھجوانے کے لئے ان آقاٶں سے اخراجات مانگ لیتی۔ عزاداروں کو ہوائی سفر کرانے کا حکومت کو اتنا ہی شوق ہے تو اخراجات خود برداشت کر لے ورنہ زمینی سفر کو محفوظ بنائے۔ حکومت اگر ہوائی سفر مفت مہیا نہیں کر سکتی تو پھر زمینی سفر کرنے پر پابندی نہیں لگا سکتی۔ اپنی رعایا کو حکومت اگر سہولتیں مہیا نہیں کر سکتی تو حکومت کرنے کا حق بھی نہیں رکھتی۔ اس لٸے حکومت کو چاہیٸے کہ ملک بھر کے تمام زمینی راستوں کو محفوظ ترین بنائے تا کہ تمام شہری ملک بھر میں بے دریغ سفر کر سکیں کیونکہ حکومت اپنے ملک کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔ اس لیے زمینی راستے بند کرنے کی بجائے حکومت کو چاہیٸے کہ کوئٹہ کے راستے سے ایران جانے کے لیے گاڑیوں سے اتار کر زائرین کو چن چن کے مارنے کی جنھوں نے ریس لگائی ہوئی ہے ان کو ختم کیا جائے۔ تا کہ زمینی سفر کرنا محفوظ ہو جائے۔ اللہ پاک ہمیں پریشانیوں سے جلد نجات عطا فرماۓ۔
