گزشتہ شب افضل اسٹیڈیم ٹوبھہ میں روح پرور منظر دیکھنے کو ملا، جسے دیکھ کر ہر آنکھ بھیگ گئی اور ہر دل عشقِ مصطفی ﷺ میں ڈوب گیا

Spread the love

پنڈدادنخان(ملک ظہیر اعوان)
گزشتہ شب افضل اسٹیڈیم ٹوبھہ میں روح پرور منظر دیکھنے کو ملا، جسے دیکھ کر ہر آنکھ بھیگ گئی اور ہر دل عشقِ مصطفی ﷺ میں ڈوب گیا۔ حضرت صاحبزادہ پروفیسر محمد نعیم الرسول دامت برکاتہم العالیہ کی زیر صدارت منعقدہ عظیم الشان محفل نعت ومحفل میلاد النبی ﷺ میں ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کر کے روحانی سرشاری حاصل کی۔
پنڈال اور راستوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، جگمگاتے قمقمے، گلابوں کی خوشبو اور ہر طرف بلند ہوتا درود و سلام کا ورد۔۔۔ گویا فرش پر جنت کا سماں تھا۔ محفل کے روح رواں حاجی خالد پرویز کرڑ، چوہدری فیصل شہزاد اور فرحان خالد تھے، جن کی انتھک محنت نے اس بابرکت محفل کو یادگار بنا دیا۔
رات کے پچھلے پہر جیسے ہی قاری علی رضا ارشد سہروردی، الحاج ذوالفقار قمر فریدی، قاری محمد شہزاد اسلام اباد،قاری اکرام نقشبندی للہی،نصیر احمد چشتی پننوال شریف،قاری عتیق الرحمن شان علی قادری منڈاھڑ اور دیگر نعت خوانوں نے اپنی آوازوں میں عشقِ رسول ﷺ کا رنگ گھولا، تو پنڈال میں سناٹا چھا گیا۔ ہر دل دھڑکنے لگا، ہر آنکھ نم ہو گئی۔ نقیبِ محفل علامہ غلام عباس انقلابی نے محفل کو خوبصورت انداز میں آگے بڑھایا۔
محفل کا سب سے پرمسرت لمحہ وہ تھا جب پانچ خوش نصیب افراد کو عمرے کے ٹکٹ بمعہ فل پیکیج قرعہ اندازی کے ذریعے دیے گئے۔ قرعہ اندازی حاجی خالد پرویز کے پوتوں نے کی اور اعلان ڈی ایس پی پنڈدادن خان ملک محمد اکرم نے خود کیا، جنہوں نے سیرت النبی ﷺ پر پُراثر خطاب بھی کیا۔
تقریب میں ایس ایچ او للہ عارف گجر، ایس ایچ او پنڈ دادن خان رانا عبد اللطیف اور متعدد معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ رانا عبد اللطیف نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کر کے دلوں کو گرما دیا، جبکہ حضرت علامہ اشفاق علی چشتی منہاج القرآن لاہور نے رسول اللہ ﷺ کی عظمت و سیرت پر دلنشین خطاب کیا۔
محفل کا اختتام رات اڑھائی بجے حضرت قاری نوید الحسن چشتی کی رقت آمیز دعا پر ہوا، جس میں ہر دل نے جھک کر حضور ﷺ کے قدموں میں اپنے عشق کا اظہار کیا۔
بلاشبہ یہ رات، ٹوبھہ کی تاریخ میں عشق و عقیدت کا ناقابل فراموش باب بن گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں