دنیا کاہرسچامسلمان برادراسلامی ریاست ایران کیلئے پریشان اوروہاں سیاسی ومعاشی استحکام کاخواہاں ہے

Spread the love

شہادت/محمدالطاف شاہد چوہدری

ایران بحران

دنیا کاہرسچامسلمان برادراسلامی ریاست ایران کیلئے پریشان اوروہاں سیاسی ومعاشی استحکام کاخواہاں ہے۔ ان دنوں ایران عوامی بے چینی اور احتجاجی لہر کی زد میں ہے لیکن اس بار احتجاج کیلئے کسی ایک سیاسی واقعہ، سماجی اصلاح یا شخصی مسئلے کے بجائے مجموعی معاشی بقا کوبنیادبنایاگیا ہے۔ ایران کے عوام شاہراہوں پر محض نعرے بازی کیلئے نہیں آئے بلکہ وہ مہنگائی، بیروزگاری، بنیادی سہولیات کی قلت اور کرنسی کی بے قدری کارونارورہے ہیں تاہم اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کیلئے امریکہ بھی درمیان بھی کودپڑا ہے اوراس نے پرتشدد واقعات کی صورت میں براہ راست مداخلت کااعلان کردیا ہے جس پرایران کی منتخب قیادت کاسخت ری ایکشن آیا ہے۔یادرہے عراق اورلیبیاء میں امریکہ کی مداخلت اوروہاں کی قیادت کومنظرعام سے ہٹانے کے بعد وہاں آج تک استحکام نہیں آیالہٰذاء ایران کے عوام امریکہ کواپنانجات دہندہ سمجھنا چھوڑدیں اوراپنی حکومت کے ساتھ تعاون کریں جومتعدد عالمی پابندیوں کے باوجود اپنی داخلی خودمختاری اورقومی حمیت پرسمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں۔اگرامریکہ رجیم تبدیل کرناچاہتا ہے توایران کے عوام زندگی بھر پچھتانے کی بجائے یہ سازش ناکام بنادیں۔ایران کا ریال اس وقت اپنی تاریخ کی بدترین سطح پر پہنچ چکا ہے،یادرکھیں غیورقوموں پراس طرح کے وقت اورامتحان آیا کرتے ہیں۔ ایک امریکی ڈالر کا غیر سرکاری منڈی میں چودہ لاکھ ریال سے تجاوز کر جانا محض ایک عددی حقیقت نہیں بلکہ ایک معاشی سانحہ ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں ایک متوسط شہری کی عمر بھر کی جمع پونجی، پنشن، تنخواہ اور کاروباری سرمایہ چند ہی مہینوں میں اپنی عملی حیثیت کھو بیٹھتا ہے۔ ریال کی اس گراوٹ نے صرف درآمدی اشیاء کو مہنگا نہیں کیا بلکہ خوراک، ادویات، ایندھن، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور علاج جیسی بنیادی ضروریات بھی عوام کی پہنچ سے باہر کر دی ہیں۔مہنگائی کی شرح سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پچاس فیصد کے قریب ہے، جبکہ غیر سرکاری تجزیوں کے مطابق بعض شعبوں میں یہ شرح اس بھی زیادہ ہے۔ آٹا، چاول، تیل، دودھ، گوشت اور سبزیاں عام آدمی کیلئے شجرممنوعہ بن گئی ہیں۔ ادویات یا تو نایاب ہیں یا اس قدر مہنگی ہو چکی ہیں کہ بیمار شہری اپناعلاج ترک کرنے پر مجبور ہوگیا ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی شدید قلت نے شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں زندگی کو مفلوج کر دیا ہے، جس سے عوامی غصہ صرف معاشی نہیں بلکہ نفسیاتی بحران میں بھی تبدیل ہو رہا ہے تاہم بحیثیت قوم ثابت قدم رہناہوگا۔
اس بارایران میں احتجاج کی نوعیت اور ساخت ماضی سے مختلف ہے۔ یہ احتجاج کسی ایک طبقے تک محدود نہیں رہا۔ نوجوان، خواتین، طلبہ، مزدور، اساتذہ، سرکاری ملازمین، تاجر برادری، بازاروں کے دکاندار اور متوسط طبقہ سب اس میں شریک ہیں۔ تہران کے گرینڈ بازار سے اٹھنے والی آواز دراصل اس نظام کے خلاف اجتماعی عدم اعتماد کا اظہار ہے، جو ہمیشہ ایرانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا رہا ہے۔ جب بازار بند ہوں، دکاندار ہڑتال کریں اور تاجر سڑکوں پر نکل آئیں تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ معاشی نظام اپنی جڑوں سے ہل چکا ہے۔حکومت ایران اس معاشی تباہی کا بڑا سبب امریکہ اور یورپ کی جانب سے عائد سخت معاشی پابندیوں کو قرار دیتی ہے،بیشک اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ ان پابندیوں نے ایران کی تیل برآمدات کو شدید نقصان پہنچایا، بینکاری نظام کو عالمی مالیاتی نیٹ ورک سے تقریباً کاٹ دیا، غیر ملکی سرمایہ کاری کا دروازہ بند کر دیا اور درآمدات و برآمدات کے پورے ڈھانچے کو مفلوج کر دیا۔ زرمبادلہ کی قلت نے ریال کو کمزور کیا اور حکومت ایران کیلئے عوامی فلاح کے منصوبے چلانا مشکل تر بنا دیا۔لیکن یہ تصویر کا محض ایک رخ ہے۔ عوامی بیانیہ، آزاد تجزیہ نگار اور حتیٰ کہ بعض ایران کے معاشی ماہرین بھی اس بات پر متفق ہیں کہ پابندیاں اگرچہ ایک بڑا عنصر ہیں لیکن اصل بحران کے ڈانڈے اندرونی بدانتظامی، ادارہ جاتی کمزوری، کرپشن، ناقص مالیاتی پالیسیوں، غیر شفاف نظامِ حکمرانی اور وسائل کی غلط ترجیحات سے جاملتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ احتجاجی نعروں میں بار بار یہ آواز سنائی دیتی ہے کہ“دشمن باہر نہیں، اندر ہے”، جو اس احساس کا اظہار ہے کہ عوام اپنی مشکلات کا ذمہ دار صرف بیرونی قوتوں کو نہیں بلکہ اپنے نظام کو بھی سمجھ رہے ہیں۔
ریاستی وسائل کا ایک بڑا حصہ علاقائی سیاست، عسکری حکمتِ عملی اور بیرونی اتحادیوں پر صرف ہونے کا تاثر بھی عوامی غصے کو شدیدبنا رہا ہے۔ جب عام شہری کو یہ محسوس ہو کہ اس کی روٹی، دوا اور بجلی ثانوی حیثیت رکھتی ہے، توپھر”نہ غزہ، نہ لبنان، جانم فدای ایران“جیسے نعر وں کاظہورہوتا ہے۔ یہ نعرے محض سیاسی بغاوت نہیں بلکہ قومی ترجیحات پر سوالیہ نشان ہیں۔اس نازک داخلی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنانے کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ جارحانہ بیانات نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔احتجاجی مظاہرین کی اعلانیہ حمایت، فوجی کارروائی کااعلان اور“Locked and Loaded”جیسے الفاظ نے ایرانی قیادت کو یہ بیانیہ مضبوط کرنے کا موقع دیا کہ یہ پرتشدداحتجاج بیرونی مداخلت اور دباؤ کا نتیجہ ہے۔ ایران کے صدر اور اعلیٰ حکام کی جانب سے سخت ردعمل، مزاحمتی تیاریوں کے اشارے اور علاقائی عدم استحکام کی وارننگ اس بات کی طرف اشارہ ہیں کہ داخلی بحران اب عالمی طاقتوں کی سیاست کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔
حالیہ صورتحال برادراسلامی ملک ایران کو ایک انتہائی خطرناک موڑ پر لے آئی ہے، جہاں اندرونی معاشی بدحالی اور بیرونی دباؤ ایک دوسرے سے الجھ کر ریاستی استحکام کو چیلنج کر رہے ہیں۔ اگر ریاست اس بحران کو صرف طاقت، سکیورٹی اور الزام تراشی کے ذریعے ہینڈل کرنے کی کوشش کرتی ہے تو یہ خلیج مزید گہری ہو سکتی ہے۔ اس کے برعکس اگر عوامی مطالبات کو سنجیدگی سے لے کر معاشی اصلاحات، شفاف حکمرانی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کی طرف پیشرفت کی جاتی ہے تو شاید یہ بحران ایک اصلاحی موڑ میں تبدیل ہو جائے۔ایران میں موجودہ احتجاج کسی ایک لمحے کا ردعمل نہیں بلکہ برسوں سے جمع ہوتے ہوئے معاشی زخموں کا کھل کر سامنے آ نا ہے۔ ریال کی مسلسل گراوٹ دراصل ایک کرنسی نہیں بلکہ ایک پورے معاشی اور انتظامی نظام کے عدم توازن کی علامت ہے۔ اگر اس بحران کو محض بیرونی سازش قرار دے کر نظرانداز کیا گیا تو عوامی غصہ مزید شدت اختیار کرے گا اور ریاست و عوام کے درمیان اعتماد کی خلیج وسیع تر ہوتی چلی جائے گی۔ایران اس وقت جس دوراہے پر کھڑا ہے، وہاں فیصلے محض معاشی نہیں بلکہ تاریخی نوعیت کے ہیں۔ طاقت اور دباؤ وقتی سکون تو دے سکتے ہیں لیکن دیرپا استحکام اصلاح، مکالمے، معاشی انصاف اور عوامی اعتماد کی بحالی کے بغیر ممکن نہیں۔ یہی وہ حقیقت ہے جس کا اظہار آج ایران کے عوام شاہراہوں پر لگائے جانیوالے نعروں، بند بازاروں اور خالی ہوتی جیبوں میں صاف نظر آ رہا ہے۔ایران کے عوام عراق اورلیبیاء میں امریکہ کی مداخلت کاانجام دیادرکھیں اور اپنے بیرونی اورفطری دشمنوں کے مذموم ارادوں سے چشم پوشی نہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں