وزیرآباد ( حکیم رفعت نسیم سے) پیر میٹھا قبرستان میں انتظامی بہتری کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے محمد خلیل کو باقاعدہ طور پر سرکاری گورکن تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ قبر کشائی کی فیس 3500 روپے سے زائد وصول نہ کی جائے، تاکہ عوام کو غیر ضروری مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔محمد خلیل کی بطور گورکن تعیناتی کو شہریوں اور عوامی نمائندوں نے خوش آئند قرار دیا ہے اور اسے ایک ذمہ دار اور قابلِ اعتماد شخص کے سپرد اہم ذمہ داری دینے کا مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے قبرستان کے انتظامی امور میں شفافیت اور بہتری کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔سی ای او بلدیہ شہزاد گوندل نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان کے بہتر نظم و نسق کے لیے جلد ایک باقاعدہ رجسٹرڈ ٹیم تشکیل دی جائے گی، جو قبرستان کی دیکھ بھال، صفائی ستھرائی اور دیگر معاملات کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری پیر میٹھا قبرستان کی تمام تفصیلات ماہانہ بنیادوں پر مرتب کر کے جمع کروانا بھی یقینی بنایا جائے گا۔مزید برآں، سی ای او بلدیہ کی جانب سے قبرستان اور اس کے اطراف میں روڈ لائٹس کی تنصیب کی منظوری دینے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے، جس سے شہریوں کو رات کے اوقات میں آمد و رفت میں سہولت میسر آئے گی۔
