جہلم (بلال رضا)ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت نے کھیوڑہ کے مین بازار کا اچانک دورہ کیا اور صفائی ستھرائی، سرکاری نرخ ناموں اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف دکانوں پر جا کر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا معائنہ کیا اور سرکاری ریٹ لسٹ کی دستیابی و عملدرآمد کو چیک کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دکاندار سرکاری نرخناموں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ہو۔
انہوں نے بازار اور ملحقہ علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ٹیم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ہدایت کی گئی کہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور کچرے کی بروقت اور روزانہ بنیادوں پر تلفی یقینی بنائی جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی میں کسی قسم کی کوتاہی یا سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
