جہلم (بیورو رپورٹ) ضلع جہلم کا تاریخی، مذہبی اور سماجی اعتبار سے اہم قصبہ جلالپور شریف آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی تحصیل کا درجہ نہ ملنے کے باعث متعدد انتظامی اور عوامی مسائل کا شکار ہے۔ علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ جلالپور شریف کو تحصیل کا درجہ دیا جائے تاکہ ہزاروں شہریوں کو بنیادی سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے طویل سفر اور اضافی اخراجات سے نجات مل سکے۔
تفصیلات کے مطابق جلالپور شریف ایک قدیم اور تاریخی قصبہ ہے جہاں تعلیم، صحت، پولیس، ریونیو اور دیگر متعدد سرکاری ادارے پہلے سے ہی موجود ہیں۔ اس کے باوجود تحصیل کا درجہ نہ ہونے کے باعث عوام کو زمینوں کے انتقالات، فردات، عدالتی امور، ریونیو معاملات اور دیگر سرکاری کاموں کے لیے دور ،دراز تحصیل پنڈدادنخان کا رخ کرنا پڑتا ہے جس سے قیمتی وقت اور مالی وسائل ضائع ہوتے ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جلالپور شریف نہ صرف ایک بڑی آبادی کا مرکز ہے بلکہ گردونواح کے درجنوں دیہات بھی اس سے منسلک ہیں تحصیل کا درجہ ملنے سے نہ صرف عوامی سہولیات میں اضافہ ہوگا بلکہ انتظامی امور میں بہتری، ترقیاتی منصوبوں میں تیزی اور مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقعے بھی پیدا ہوں گےشہری، سماجی و سیاسی حلقوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے جلالپور شریف کو تحصیل کا درجہ دینے کے مطالبے پر سنجیدگی سے غور کریں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ علاقے کی دیرینہ محرومیوں کے خاتمے اور عوام کو ان کی دہلیز پر سرکاری سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
علاقہ مکینوں نے متفقہ طور پر کہا ہے کہ جلالپور شریف کو تحصیل کا درجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس اقدام سے نہ صرف ہزاروں شہریوں کی مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں بھی ہموار ہوں گی،
