
جہلم (بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے للہ پنڈ دادنخان روڈ پر جاری تعمیراتی کام کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایکسین ہائی ویز نے منصوبے کے مختلف مراحل، جاری سرگرمیوں اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر جہلم نے سڑک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جاری کام کے معیار، رفتار اور مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے کی افادیت، عوامی سہولت اور علاقائی رابطوں کے فروغ میں اس سڑک کی اہمیت سے متعلق مختلف امور کا مشاہدہ کیا۔
ایکسین ہائی ویز نے بریفنگ دیتے ہوئے سڑک منصوبے کی موجودہ صورتحال، مکمل ہونے والے کام، زیر تکمیل حصوں اور آئندہ مراحل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، سفر کے دورانیے میں کمی اور آمدورفت کو مزید محفوظ بنانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ سڑکوں کا معیاری انفراسٹرکچر عوامی سہولت اور علاقائی ترقی کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے جاری منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے معیار اور بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔
