تبادلہ روکا جائے کسے تکلیف ہے ڈپٹی کمشنر گجرات محترمہ نور العین قریشی سے؟

Spread the love


تحریر : مرزا طارق محمود UG نیوز jpj
ممبر فیڈرل ایگزیکٹو کونسل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس
ایک افسر، ایک انتظامی سوچ، سیاسی مخالفت، میڈ یا وار اور عوام کی وہ آواز جو شاید اب زیادہ بلند ہونے والی ہے گجرات میں آج کل ایک سوال گلی، بازار، دفتر اور سیاسی بیٹھکوں میں گردش کر رہا ہے آخر ڈپٹی کمشنر نور العین قریشی صاحبہ سے کس کو تکلیف ہے؟ یہ سوال اس لیے اہم نہیں کہ ایک افسر کا مبینہ طور پر تبادلہ ہو رہا ہے یا نہیں، بلکہ اس لیے اہم ہے کہ نور العین قریشی نے اپنے دور میں وہ کام کرنے کی کوشش کی جنہیں کرنا بظاہر آسان، مگر عملی طور پر انتہائی مشکل ہوتا ہے سیوریج اور نکاسی آب کے پرانے مسائل چھیڑنا آسان نہیں سرکاری مشینری کو جواب دہ بنانا آسان نہیں میرٹ پر فیصلے کرنا آسان نہیں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ہر بااثر شخص کو خوش کیے بغیر انتظامی معاملات چلانا تو بالکل آسان نہیں شاید اسی لیے ان کے دور میں تعریف سے زیادہ تنقید سنائی دے رہی ہے مگر تاریخ کا اصول بڑا عجیب ہے شور ہمیشہ کام سے بڑا دکھائی دیتا ہے، لیکن وقت گزرنے کے بعد کام ہی باقی رہتا ہے محترمہ نور العین قریشی کے دور میں بعض سیاسی حلقوں کی طرف سے تحفظات اور مخالفت سامنے آنے کی باتیں ہوتی رہیں یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے اگر کوئی ڈپٹی کمشنر سیاسی پسند و ناپسند سے بالاتر ہو کر انتظامی فیصلے کرے تو کیا اسے سیاسی مخالفت کا سامنا نہیں کرنا چاہیے؟ اگر کسی کا کام قانون کے مطابق روک دیا جائے تو وہ ناراض ہوگا اگر کسی سفارش کو میرٹ کے سامنے اہمیت نہ دی جائے تو سفارش کرنے والا ناراض ہوگا اگر تجاوزات کے خلاف کارروائی ہو تو تجاوزات رکھنے والا ناراض ہوگا اور اگر سرکاری نظام میں کسی کی غیر ضروری مداخلت کم ہو تو مداخلت کے عادی لوگ بھی خوش نہیں ہوں گے تو پھر سوال نور العین قریشی کے مخالفین کی تعداد کا نہیں، ان کے فیصلوں کی نوعیت کا ہونا چاہیے گجرات میں نور العین قریشی کے خلاف میڈیا کے ایک بڑے حصے کی سخت تنقید بھی دیکھنے میں آئی یہ صحافت کا حق ہے کہ صحافی سوال کرے، احتساب کرے، خامیاں سامنے لائے یہی تو صحافت کا حسن ہے لیکن ایک لکیر کہیں نہ کہیں ضرور کھینچنا ہوگی خبر کہاں ختم ہوتی ہے اور مہم کہاں شروع ہوتی ہے؟ تنقید کہاں ختم ہوتی ہے اور ذاتی حملہ کہاں شروع ہوتا ہے؟ احتساب کہاں ختم ہوتا ہے اور کسی کو ہٹانے کا دباؤ کہاں سے شروع ہوتا ہے؟ یہ سوال صرف نور العین قریشی کے لیے نہیں، پورے میڈیا کے لیے ہے اگر افسر غلط ہے تو اس کے خلاف دستاویز سامنے لائی جائے اگر فیصلہ غلط ہے تو اس کی نشاندہی کی جائے اگر عوام کو نقصان ہوا ہے تو ثبوت کے ساتھ سوال اٹھایا جائے لیکن اگر افسر کا قصور صرف یہ ہو کہ اس نے ہر سفارش نہیں مانی، ہر دباؤ قبول نہیں کیا اور ہر طاقتور شخص کو خوش نہیں رکھا تو پھر ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہم افسر چاہتے ہیں یا فرمانبردار نمائندہ؟ اگر یہ تاثر درست ہے کہ گجرات کا تقریباً 95 فیصد میڈیا ان کے خلاف تھا تو یہ صورتحال کسی بھی افسر کے لیے آسان نہیں ایک طرف سیاسی دباؤ دوسری طرف میڈیا کی مسلسل تنقید تیسری طرف تبادلے کی خبریں اور قیاس آرائیاں ایسے ماحول میں بہت سے افسر شاید سمجھوتہ کر لیتے مگر محترمہ نور العین قریشی کے بارے میں ان کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ انہوں نے انتظامی معاملات کو اپنی ترجیح بنائے رکھا یہی وہ نکتہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا مقبول ہونا آسان ہے، اصول پر قائم رہنا مشکل اور کبھی کبھی افسر کی سب سے بڑی خوبی یہی ہوتی ہے کہ وہ ہر شخص کو خوش نہیں کرتا گجرات میں شدید بارش اور تقریباً 577 ملی میٹر بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال نے ضلعی انتظامیہ کے سامنے بڑا چیلنج رکھا بھمبر نالے کی صورتحال، مدینہ سیداں، کوران موضع، کچہری چوک اور دیگر علاقوں میں پانی اور نکاسی آب کے مسائل نے شہری زندگی کو متاثر کیا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خود گجرات پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور فوری اقدامات کی ہدایات دیں پنجاب کی پوری مشینری گجرات رہی ایسے حالات میں کسی ایک شخص کو کامیابی یا ناکامی کا مکمل کریڈٹ دینا درست نہیں، لیکن یہ ضرور دیکھا جانا چاہیے کہ انتظامیہ بحران کے وقت کتنی متحرک رہی اور یہی وہ موقع تھا جب نور العین قریشی کی انتظامی صلاحیت بھی زیر بحث آئی گجرات کی سڑکوں سے سیوریج تک اصل جنگ مشکل فیصلوں کی تھی ایک ضلع چلانا صرف اجلاس کرنے کا نام نہیں ضلع چلانے کا مطلب ہے شہر کی صفائی ، تجاوزات کا خاتمہ ، نکاسی آب ،سیوریج ، سڑکیں ، سرکاری اداروں کے درمیان رابطہ ، عوامی شکایات اور سب سے بڑھ کر انتظامی رٹ محترمہ نور العین قریشی کے دور میں ان شعبوں کو ترجیح دینے کی کوشش کی گئی یہ الگ بحث ہے کہ ہر منصوبہ سو فیصد کامیاب ہوا یا نہیں کوئی بھی انتظامیہ غلطیوں سے پاک نہیں ہوتی لیکن یہ سوال ضرور بنتا ہے کیا کام کرنے کی کوشش ہوئی؟ اگر جواب ہاں ہے تو پھر اختلاف ضرور کریں، مگر انصاف بھی کریں جنہیں ان کے فیصلوں سے فائدہ ہوا، وہ خاموش کیوں ہیں؟ یہ بھی ہمارے معاشرے کا ایک المیہ ہے جس افسر نے کسی کا ناجائز کام روک دیا وہ فوراً بولتا ہے ، جس کی تجاوزات ختم ہوئیں وہ فوراً بولتا ہے ، جس کی سفارش نہیں مانی گئی، وہ فوراً بولتا ہے مگر جس عام شہری کا جائز کام ہوا، جس گلی میں صفائی ہوئی، جس مسئلے پر انتظامیہ پہنچی، وہ اکثر خاموش رہتا ہے کیوں؟ شاید اس لیے کہ خوش ہونے والا شہری خبر نہیں بناتا، ناراض ہونے والا شہری سرخی بن جاتا ہے اسی لیے کسی افسر کی مقبولیت یا عدم مقبولیت کا فیصلہ صرف سوشل میڈیا پوسٹوں، سیاسی بیانات یا چند خبروں سے نہیں ہونا چاہیے اصل سروے عوام کی روزمرہ زندگی ہے اب محترمہ نور العین قریشی خود تبادلہ چاہتی ہیں مگر عوام؟ اگر محترمہ نور العین قریشی نے خود پنجاب حکومت سے تبادلے کی درخواست کی ہے تو یقیناً اس کے پیچھے ان کی اپنی وجوہات ہوں گی ان کا یہ حق ہے لیکن عوام کو بھی اپنی رائے دینے کا حق ہے اور باشعور شہریوں کی طرف سے اب یہ آواز اٹھ رہی ہے کہ اگر افسر خود جانا چاہتی ہیں تب بھی حکومت کو یہ ضرور دیکھنا چاہیے کہ گجرات انہیں روکنا چاہتا ہے یا نہیں اگر عوامی مفاد میں ان کی موجودگی ضروری ہے تو حکومت کو ان کی درخواست پر نظرثانی کرنی چاہیے کیونکہ ہر تبادلہ صرف ایک سرکاری حکم نہیں ہوتا کبھی ایک تبادلہ پالیسی کا تسلسل توڑ دیتا ہے کبھی ایک تبادلہ جاری کاموں کی رفتار متاثر کر دیتا ہے اور کبھی ایک افسر کے جانے کے بعد عوام کو احساس ہوتا ہے کہ جس شخص کو وہ کل برا بھلا کہہ رہے تھے، وہ دراصل کچھ ایسے کام بھی کر رہا تھا جو آج رک گئے ہیں پنجاب حکومت سے ایک سیدھا سوال ہے کہ اگر ڈپٹی کمشنر محترمہ نور العین قریشی نے واقعی کوئی ایسا جرم کیا ہے جس کی بنیاد پر انہیں ہٹانا ضروری ہے تو سامنے لایا جائے اگر ان کی کارکردگی ناقص ہے تو اعداد و شمار کے ساتھ بتایا جائے اگر ان کے فیصلے عوام کے خلاف تھے تو عوام کو بتایا جائے لیکن اگر معاملہ صرف اختلافِ رائے، سیاسی ناراضی یا میڈیا کی مخالفت تک محدود ہے تو پھر حکومت کو ایک لمحے کے لیے رک کر سوچنا چاہیے کہ کیا ایک ایماندار اور اصول پسند افسر کو صرف اس لیے تبدیل کر دینا چاہیے کہ وہ سب کو خوش نہیں رکھ سکی؟ یہ سوال آج نور العین قریشی کا ہے کل کسی اور افسر کا ہوگا محترمہ نور العین قریشی کا مقدمہ عوام کی عدالت میں ہے میرا مقصد کسی افسر کو فرشتہ ثابت کرنے کی کوشش نہیں افسر بھی انسان ہوتے ہیں، ان سے غلطیاں بھی ہوسکتی ہیں تنقید بھی ہونی چاہیے احتساب بھی ہونا چاہیے لیکن فیصلہ انصاف سے ہونا چاہیے، شور سے نہیں ڈپٹی کمشنر محترمہ نور العین قریشی کے حامی شہریوں کا مقدمہ سادہ ہے کہ انہوں نے کام کیا ، مشکل فیصلے کیے ، مخالفت برداشت کی ، تنقید برداشت کی اور انتظامی معاملات کو اپنی ترجیح بنائے رکھا اب اگر اللہ نہ کرے وہ جا رہی ہیں تو عوام پوچھ رہے ہیں کہ کیوں؟ اور اگر حکومت انہیں روک سکتی ہے تو عوام کہہ رہے ہیں پلیز روک لیجیے آخر میں ایک تلخ مگر ضروری بات کرنا چاہتا ہوں کہ ہم اکثر اچھے افسر کے جانے کے بعد افسوس کرتے ہیں جب تک افسر موجود ہوتا ہے، ہم اس کے فیصلوں پر اعتراض کرتے ہیں اور جب وہ چلا جاتا ہے تو کہتے ہیں وہ افسر اچھا تھا، کم از کم کام تو کرتا تھا خدارا یہ غلطی گجرات میں دوبارہ نہ دہرائی جائے اگر ڈپٹی کمشنر نور العین قریشی واقعی گجرات کے انتظامی نظام کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں تو ان کے جانے کا فیصلہ صرف ایک فائل پر دستخط کرکے نہیں ہونا چاہیے عوام کی آواز بھی سنی جائے اور اگر ان کی خدمات گجرات کے لیے مفید ہیں تو انہیں مزید وقت دیا جائے کیونکہ گجرات کو ایسا افسر نہیں چاہیے جو ہر طاقتور کو خوش رکھے بلکہ گجرات کو ایسا افسر چاہیے جو قانون کو خوش رکھے اور اگر نور العین قریشی نے یہی کوشش کی ہے تو پھر باشعور عوام کا مطالبہ غلط نہیں محترمہ نور العین قریشی کو جانے نہ دیں کیونکہ کبھی کبھی ایک افسر کا تبادلہ صرف ایک افسر کا تبادلہ نہیں ہوتا یہ پورے ضلع کی انتظامی سمت بدل دیتا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں