کچھ لوگ اس دنیا میں صرف اپنی ملازمت، عہدے یا نام کی وجہ سے یاد نہیں رہتے، بلکہ اپنے اچھے اخلاق، خلوص، محبت اور انسانیت کی وجہ سے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ ملک سخاوت حسین بھی انہی خوبصورت لوگوں میں سے ایک تھے۔
ملک سخاوت حسین نے اپنی ابتدائی تعلیم گجر خان سے حاصل کی۔ تعلیم کے مختلف مراحل طے کرنے کے بعد انہوں نے عملی زندگی کا آغاز حکومتِ پنجاب پولیس میں ملازمت سے کیا۔ اپنی محنت، لگن اور فرض شناسی کے باعث انہوں نے پولیس کے محکمہ میں ترقی کرتے ہوئے ایس ایچ او کے عہدے تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
لیکن حیرت انگیز بات یہ تھی کہ اتنے اہم عہدے پر فائز ہونے کے باوجود ملک سخاوت حسین نے کبھی اپنے آپ کو عام لوگوں سے الگ نہیں سمجھا۔ وہ اپنی گفتگو، رویے اور میل جول میں انتہائی سادہ، خوش مزاج اور ملنسار انسان تھے۔ ہنستے، مسکراتے، دوستوں سے مذاق کرتے اور ہر ایک سے محبت و خلوص کے ساتھ ملتے۔ ان کے ساتھ بیٹھ کر کبھی ایسا محسوس نہیں ہوتا تھا کہ سامنے کوئی پولیس افسر موجود ہے، بلکہ یوں لگتا جیسے برسوں پرانا کوئی اپنا دوست ہمارے درمیان بیٹھا ہو۔
ان کے تعلقات اور دوستیاں کسی ایک شہر یا علاقے تک محدود نہیں تھیں۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں ان کے چاہنے والے اور دوست موجود تھے۔ ان کی پہچان صرف وردی یا عہدہ نہیں بلکہ ان کا کردار، اخلاق اور انسان دوستی تھی۔
ملک سخاوت حسین کی شخصیت کا ایک خوبصورت پہلو یہ بھی تھا کہ وہ ضرورت مندوں کا سہارا بننے کی کوشش کرتے تھے۔ کسی غریب کو مالی مدد کی ضرورت ہوتی یا کسی کو قانونی معاملے میں رہنمائی درکار ہوتی، وہ اپنی استطاعت کے مطابق اس کی مدد کرنے کی کوشش کرتے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ان سے ملنے والے لوگ انہیں صرف ایک پولیس افسر نہیں بلکہ ایک دردِ دل رکھنے والا انسان سمجھتے تھے۔
دنیا واقعی ایک مسافر خانہ ہے۔ یہاں ہر انسان نے ایک دن اپنا سفر مکمل کرکے اپنے حقیقی مالک کے حضور پیش ہونا ہے۔ مگر کچھ لوگوں کا دنیا سے چلے جانا ایک ایسی کمی چھوڑ جاتا ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا آسان نہیں ہوتا۔
ملک سخاوت حسین کے ساتھ میرا تعلق بھی تقریباً 20 سالہ بھائی چارے پر محیط تھا۔ ان کے ساتھ جب بھی ملاقات ہوئی، چہرے پر مسکراہٹ، محبت بھرا انداز اور ہنسی مذاق ہمیشہ ساتھ رہا۔ ان کی محفل میں بیٹھ کر کبھی یہ احساس نہیں ہوا کہ وہ ایک پولیس افسر ہیں۔ وہ عہدے سے زیادہ اپنے اخلاق اور محبت سے پہچانے جاتے تھے۔
آج وہ ہمارے درمیان موجود نہیں، یہ حقیقت دل کو افسردہ کر دیتی ہے۔ انسان بظاہر دنیا سے چلا جاتا ہے، مگر اس کی محبت، اس کی باتیں، اس کی مسکراہٹ اور اس کی اچھی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہتی ہیں۔
میری دعا ہے کہ اللہ پاک ملک سخاوت حسین کی تمام نیکیوں، خدمت اور انسانوں کے ساتھ حسنِ سلوک کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
جس طرح وہ اس دنیا میں ہنستے، مسکراتے اور لوگوں میں محبتیں بانٹتے رہے، اللہ رب العزت انہیں اگلے جہاں میں بھی سکون، خوشی اور اپنی خاص رحمتوں کے سائے میں رکھے۔
اللہ پاک ان کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور تمام دوست احباب کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔
دعا گو:
تحریر: رانا شفاقت علی راجپوت، دینہ
